مذہبی خبریں

   

ماہانہ مجلس
حیدرآباد :۔ ماہانہ مجلس حضرت خواجہ اسعد حسین ہارونی مدنی سلطانی المعروف حضرت دولہے پاشاہ قبلہ یکم جنوری کو اندرون درگاہ حضرت مرزا سردار بیگ آغا پورہ مقرر ہے ۔ جس میں بعد عصر محفل سماع ہوگی ۔۔
٭٭ ماہانہ فاتحہ حضرت سید شاہ محمد علیم الدین حسینی رضوی قادری شرفی ؒ 16 جمادی الاول یکم جنوری جمعرات بعد نماز مغرب مقرر ہے ۔ بعد نماز مغرب قرآن خوانی و حلقہ ذکر بعد نماز عشاء تناول تبرک ۔۔

عرس حضرت پیر زندہ شاہ مدار ؒ
حیدرآباد :۔ حضرت سید شاہ بدیع الدین قطب مدار المعروف بہ شہنشاہ حضرت پیر زندہ شاہ مدارؒ کا 604 واں عرس شریف ذیل کی تواریخ میں منایا جائے گا ۔ یکم جنوری جمعہ بعد نماز عصر آستانہ میر چوک پر مراسم عرس بدست متولی و سجادہ نشین حضرت سید تاج علی شاہ عاشقان مدار انجام پائیں گے ۔ 2 جنوری ہفتہ بعد نماز عصر صندل مبارک گلشن مدار سے برآمد ہو کر خلوت مبارک پہنچے گا ۔ حضور نظام میر برکت علی خاں بہادر آصف جاثامن کی سلامتی کی چومک روشن کی جائے گی درازی عمر صحت تندرستی کی دعا ہوگی ۔ بعد ازاں فاتحہ خوانی کے بعد آستانہ چار کمان پہنچے گا ۔ جہاں پر صندل مالی انجام دی جائے گی ۔ کوویڈ 19 بیماری کی وجہ مریدین و معتقدین سے درخواست کی جاتی ہیکہ آستانہ آنے کی زحمت نہ فرمائیں بلکہ اپنے گھروں میں تلاوت فاتحہ خوانی کا اہتمام کریں ۔۔

جامعتہ المومنات میں پانچ دینی و اسلامی کتب کی رسم اجراء
حیدرآباد :۔ جامعتہ المومنات میں جامعہ کے معلمات و طالبات کی علمی تصنیفی ، تالیفی ، تحقیقی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کی غرض سے مکتبۃ المومنات کا قیام عمل میں لایا گیا ۔ الحمدﷲ اس مکتبہ کے زیر اہتمام ابھی تک 121 دینی ، اسلامی و اصلاحی کتب شائع ہوئے ہیں ۔ اس سلسلہ میں آج 5 دینی و اسلامی کتب کی رسم اجراء بدست مہمان خصوصی عمل میں لائی گئی ۔ جن میں ’ الصحابیات ‘ مصنفہ حافظہ رضوانہ زرین ، ’ تربیت اولاد ایک دینی اخلاقی و سماجی ذمہ داری ‘ مصنفہ مفتیہ ناظمہ عزیز ، ’ ائمہ مجتھدین کی سیرت و منہج اجتہاد ‘ مصنفہ مفتیہ سیدہ غوثیہ شاہد ( کاغذ نگر ) ، ’ سنتیں اور سائنسی انکشافات ‘ مصنف ڈاکٹر ذاکر حسین ، ’ اسلام اور پردہ کی اہمیت و افادیت ‘ مصنف ڈاکٹر عبدالواسع احمد صوفی ہیں ۔ مولانا حافظ محمد مظفر حسین خاں بندہ نوازی کنوینر سنی یونائٹیڈ فورم نے کہا کہ شریعت محمدیؐ تمام شریعتوں میں افضل ہے اور دنیاوی زندگی کی کامیابی اسی شریعت کی روشنی میں ممکن ہے ۔ دین ہمیں زندگی گذارنے کا سلیقہ سکھاتا ہے ۔ اسلام ہی وہ دین ہے جو ساری فرقہ پرستیوں کی جڑوں کو اکھاڑ پھینکا ہے ۔ اللہ کے رسول ﷺ نے فرمایا تم آپس میں حسد ، بغض ، کینہ مت رکھو ، دھوکہ مت دو اور ایک دوسرے سے منہ نا پھیرو ، یہ حکم تمام بنی نوع انسانی کے لیے ہے ۔ حضور ﷺ کا یہ فرمان نفرت کے خاتمہ اور محبت کا فروغ ہے ۔ اس موقع پر جامعتہ المومنات کے سالانہ امتحانات 2020 جماعت اعدادیہ تا مفتی کورس مع فارغات حفظ القرآن کے نتائج کا اعلان کیا گیا اور عارضی صداقت نامے جاری کئے گئے ہیں ۔ اندرو ایک ہفتہ جماعت اول تا پنجم مع حفظ القرآن کے سالانہ امتحانات کے نتائج کا اعلان کیا جائے گا ۔ دعا و سلام پر تقریب کا اختتام عمل میں لایا گیا ۔۔
محفل نعت شہ کونین ﷺ و قصیدہ بردہ شریف
حیدرآباد ۔ بزم ثنائے حبیب کے زیراہتمام زیرنگرانی حبیب عمر بن عبداﷲ العطاس قادری صبغت اﷲ شاہ المعروف حبیب فاروق العطاس 31 ڈسمبر ، جمعرات بعد نماز عشاء بمکان حبیب عیسیٰ بن ابوبکر بن ظنون بوفطیم روبرو پیلی درگاہ محفل نعت شہ کونین و قصیدہ بردہ شریف کا انعقاد عمل میں آئے گا ۔ آغاز قرأت کلام پاک سے ہوگا۔ مدعو نعت خواں حضرات نعت شہ کونین ﷺ و منقبت سنانے کی سعادت حاصل کریں گے۔ جماعت نورمحمدی ﷺ دف پر کلام پیش کرے گی ۔ نوجوان عالم دین مولانا حبیب سہیل بن سعید العیدروس ’’ماں باپ کے حقوق‘‘ پر خصوصی بیان کریں گے۔ مہمانان خصوصی نبیرۂ شیخ الاسلام حضرت مولانا سید اولیاء حسینی المعروف مرتضیٰ پاشاہ قبلہ ، حبیب محمد بن عیدروس العطاس صدر ادارہ تعاون برائے بنی ہاشم بارکس ، حبیب علی بن حسن رفیع ، الحاج مرزا کریم بیگ ڈائرکٹر نشاء اسلامک ہوں گے ۔صلوٰۃ و سلام اور حبیب مصطفی بن حسن العیدروس کی دعا پر محفل کا اختتام عمل میں آئیگا۔ مزید معلومات 9885271584 سے حاصل کی جاسکتی ہیں۔ داعی محفل نے نعت خواں و باذوق سامعین سے شرکت کی گذارش کی ہے ۔
درود شریف کی کتاب تحفہ درود ، بشائر الخیرات ، حزب البحر کی بلا ہدیہ تقسیم
حیدرآباد :۔ جناب موسیٰ ابو خالد صدیقی کے بموجب اشاعت درود شریف کی کتابیں بلا ہدیہ 1988 سے سارے ہندوستان میں تقسیم کی جارہی ہیں ۔ شیخ عبدالقادر جیلانی ؒ کی مشہور کتاب اردو اور انگریزی ترجمہ کے ساتھ بشائر الخیرات کے علاوہ تحفہ درود اور حزب البحر کی طباعت عمل میں آئی ہے جو عاشقان رسول ﷺ کو بلا ہدیہ تقسیم کی جارہی ہے ۔ خواہش مند حضرات درود شریف کی اس کتاب کو بلا ہدیہ حاصل کرسکتے ہیں ۔ اس کے علاوہ شہر حیدرآباد میں جہاں جہاں بھی محافل درود شریف کا انعقاد عمل میں آرہا ہے وہ حضرات بھی یہ کتاب موسیٰ اسپورٹ 105A لین اسٹیٹ مقابل چرماس عابڈس سے حاصل کرسکتے ہیں ۔ تفصیلات کے لیے 040-66627625 پر رابطہ کریں ۔۔