مذہبی خبریں

   

کل ہند خواتین کانفرنس کے بضمن ذمہ داران مساجد کا مشاورتی اجلاس
حیدرآباد ۔ 29 ۔ دسمبر : ( راست ) : مفتی عبدالواسع احمد صوفی معتمد استقبالیہ حافظ محمد صابر پاشاہ کے بموجب جامعتہ المومنات کی کل ہند خواتین کانفرنس کے بضمن ایک مشاورتی اجلاس برائے خطباء ، ائمہ ، صدور و معتمدین مساجد 30 دسمبر کو بعد عشاء جامعتہ المومنات مغل پورہ ، مولوی وحید احمد ایڈوکیٹ صدر استقبالیہ کانفرنس کی صدارت میں مقرر ہے ۔ مفتی حافظ محمد مستان علی قادری بانی و ناظم اعلیٰ جامعتہ المومنات نے شرکاء سے وقت مقررہ پر حاضر ہونے کی خواہش کی ہے ۔۔

جلسہ اصلاح معاشرہ
حیدرآباد ۔ 29 ۔ دسمبر : ( راست ) : مولانا سید عباد بن ذکی القاسمی کے بموجب 30 دسمبر کو بعد نماز ظہر مسجد صراط مستقیم ، آزاد نگر ، عنبر پیٹ میں زیر صدارت حافظ محمد غوث رشیدی جلسہ اصلاح معاشرہ منعقد ہے ۔ مولانا شاہ محمد جمال الرحمن مفتاحی مخاطب کریں گے ۔۔

’’اسلام میں انسانی حقوق کا تصور‘‘ ڈاکٹر سید اسلام الدین مجاہد کا خطاب
حیدرآباد۔/29 ڈسمبر، ( راست ) پوری انسانی تاریخ میں اسلام وہ پہلا مذہب ہے جس نے روئے زمین پر بسنے والے سارے انسانوں کو احترام آدمیت کا درس دیا۔ اسلام کی آمد سے پہلے انسانیت مختلف خانوں میں بٹی ہوئی تھی۔ رنگ و نسل، علاقہ و ذات، زبان اور جنس کے امتیازات نے انسانوں کو ایک دوسرے سے الگ تھلگ کرکے رکھ دیا تھا۔ مجرموں، مجبوروں، ناداروں اور عورتوں کو معاشرہ میں انتہائی کم درجہ پر رکھا جاتا تھا۔ ان کے ساتھ ناانصافی اور تعصب کا رویہ اختیار کیا گیا۔ 14 صدیاں پہلے جب انسانیت اسلام کے پیغام سے آشنا ہوئی تو ہر ایک کے حقوق کے احترام کا جذبہ انسانوں میں پیدا ہوا۔ اسلام نے انسانوں کے درمیان کسی بھی قسم کے بھید بھاؤ کو سخت ناپسند کیا اور معاشرہ کے ہر فرد کے ساتھ مساویانہ سلوک کی تاکید کی۔ اسلام نے شخصی آزادی کا تحفظ کیا اور انسان کی جان و مال اور عزت و آبرو کے تحفظ کی ہر حال میں حفاظت کرنے کا حکم دیا۔ ان خیالات کا اظہار ڈاکٹر سید اسلام الدین مجاہد نے جامع مسجد عالیہ ، گن فاؤنڈری میں تاریخ اسلام لکچر کی 940 ویں نشست کو بعنوان ’’ اسلام میں انسانی حقوق کا تصور ‘‘ میں کیا۔ نشست کا آغاز حافظ محمد تنویر عالم کی قرأت کلام پاک سے ہوا۔ جناب غلام یزدانی ایڈوکیٹ نے مقرر کا تعارف کروایا۔ اس موقع پر جناب سید وقار الدین مرحوم چیف ایڈیٹر روز نامہ رہنمائے دکن و صدر انڈو عرب لیگ کے انتقال پر ملال پر ان کیلئے دعائے مغفرت کی گئی اور ان کی دیرینہ خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ مقرر کی دعا پر محفل کا اختتام عمل میں آیا۔