مرکزاقلیتوں کی بہتری کیلئے اقدامات کرے گا: سیدہ شہزادی

   

حیدرآباد28اگست(یواین آئی) رکن قومی اقلیتی کمیشن سیدہ شہزادی نے تلنگانہ کے ضلع ونپرتی کا دورہ کیا اور اقلیتی لڑکیوں کے گروکل اسکول کا تفصیلی معائنہ کیا۔ انہوں نے طالبات سے بات چیت کی اوران کے مسائل سے واقفیت حاصل کی۔اس موقع پر انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت اقلیتوں کی بہتری کے لیے تمام ضروری اقدامات کرے گی۔ انہوں نے زوردیتے ہوئے کہا کہ مرکزی اور ریاستی حکومتوں نے اقلیتی طبقہ کی ترقی کے لیے 60 تا 40کے تناسب سے گروکل اسکولس کا قیام عمل میں لایاہے ۔ ایسے میں طلباء کو چاہیے کہ وہ معیاری غذااور تعلیم کے لیے حکومت کی جانب سے فراہم کردہ سہولیات سے فائدہ اٹھائیں۔ اس پروگرام میں آر ڈی او پدماوتی، ڈی ایس پی، ایم آر او چاند پاشاہ، تلنگانہ اقلیتی اداروں کے آر ایل سی پرنسپلس اور دیگر موجود تھے ۔