مرکزکے خلاف ٹریڈ یونینوں کی دو روزہ ہڑتال

   

20 لاکھ ملازمین و ورکرس کی شرکت کی امید : سی آئی ٹی یو کا بیان
حیدرآباد 8 جنوری ( پی ٹی آئی ) دس مرکزی ٹریڈ یونینوں کی جانب سے مرکزی حکومت کی مخالف عوام پالیسیوں کے خلاف دو روزہ ملک گیر ہڑتال میں زائداز 20 لاکھ ملازمین اور ورکرس کی شرکت کی امید ہے جن کا تلنگانہ میں عوامی ‘ خانگی اور غیر منظم شعبہ سے تعلق ہے ۔ سی آئی ٹی یو کے ایک سینئر لیڈر نے یہ بات بتائی ۔ سی آئی ٹی یو کے جنرل سکریٹری ایم سائی بابو نے پی ٹی آئی کو بتایا کہ ہمیں امید ہے کہ اس ہڑتال میں زائد از 20 لاکھ ورکرس اور ملازمین شرکت کرینگے ۔ ایمرجنسی خدمات جیسے دواخانوں وغیرہ کو ہڑتال سے استثنی دیا گیا ہے ۔ ریلوے ملازمین راست ہڑتال میں حصہ نہیں لے رہے ہیں۔ تاہم یہ ملازمین لنچ کے وقت میں اپنے دفاتر پر احتجاجی ریلیاں منعقد کرینگے ۔ ہڑتال کا آئی این ٹی یو سی ‘ اے آئی ٹی یو سی ‘ ایچ ایم ایس ‘ سی آئی ٹی یو ‘ اے آئی یو ٹی یو سی ‘ اے آئی سی سی ٹی یو ‘ یو ٹی یو سی ‘ ٹی یو سی سی ‘ ایل پی ایف اور ایس ای ڈبلیو اے کی جانب سے مرکز کی مخالف عوام پالیسیوں کے خلاف اہتمام کیا جا رہاہے۔