مسابقتی امتحانات میں بہتر رینک ہی کامیابی کا ضامن

   

پختہ ارادہ اور منصوبہ بند تیاری ضروری ، پروفیسر ایس اے شکور کا خطاب
حیدرآباد ۔ 3 ۔ اپریل : ( راست ) : مرکز تعلیمی ترقی برائے اقلیتی طبقات جامعہ عثمانیہ سی ای ڈی ایم کے زیر اہتمام نظام کالج پرنیٹ NEET/EAMCET (AM ) کوچنگ پروگرام کا افتتاح انجام دیتے ہوئے پروفیسر ایس اے شکور ڈائرکٹر سی ای ڈی ایم نے کہا کہ زندگی میں ہر قدم پر مسابقت کا سامنا ہے اور بہتر مستقبل کے لیے مسابقتی امتحانات کا سامنا کرنا ضروری ہے ۔ مسابقتی امتحانات میں بہتر رینک ہی کامیابی کا ضامن ہوتا ہے اور بہتر رینک کے لیے پختہ ارادہ ، سنجیدہ محنت اور منصوبہ بند تیاری ضروری ہے ۔ سنجیدگی کے ساتھ امتحان کی تیاری کرتے ہوئے اقلیتی امیدوار سرکاری کالج یا اعلیٰ معیاری کالج میں داخلہ پاسکتے ہیں اور امیدواروں کو مشورہ دیا کہ اپنے آپ میں اعتماد پیدا کریں اور احساس کمتری کو دور کریں اور اپنی ذاتی صلاحیتوں کو دوسروں سے کمتر نہ سمجھیں ۔ نیز کنوینر NEET کی جانب سے جاری کردہ رہنمایانہ خطوط کو غور سے پڑھیں اور امتحان کے طریقہ کار اور نصاب کو اچھی طرح سمجھ لیں اور سنجیدگی سے مسابقت کا سامنا کریں تو یقینا کامیابی آپ کے قدم چومے گی ۔ امتحان کے دن مقررہ وقت سے قبل مرکز امتحان کو پہنچ جائیں ۔ پروفیسر ایس اے شکور نے کہا کہ نظام کالج پر انگلش میڈیم کے علاوہ اردو میڈیم طلبہ کیلیے بھی ماہر اساتذہ کے ذریعہ کوچنگ کا اہتمام کیا گیا ہے ۔ امیدواروں کو حکومت کی جانب سے مفت کوچنگ فراہم کی جاتی ہے ۔ پروفیسر ایس اے شکور نے مزید کہا کہ حیدرآباد کے علاوہ نظام آباد ، ظہیر آباد اور محبوب نگر میں بھی نیٹ ( انگلش میڈیم ) کی کوچنگ کا اہتمام کیا گیا ہے ۔ اس کے علاوہ 4 اپریل سے حیدرآباد کے علاوہ نظام آباد ، محبوب نگر اور ظہیر آباد پر ایمسٹ ( ای ) کوچنگ کا اہتمام کیا گیا ہے اور 4 اپریل سے حیدرآباد پر پالی سیٹ کوچنگ کا آغاز ہوگا ۔ 15 اپریل سے حیدرآباد پر ICET کوچنگ کا آغاز ہوگا ۔ ان امیدواروں کو کوچنگ کے علاوہ اسٹڈی میٹریل بھی مفت فراہم کیا جائے گا ۔ یہ کوچنگ پروگرامس محکمہ اقلیتی بہبود حکومت تلنگانہ کے زیر سرپرستی چلائے جارہے ہیں۔ جناب شیخ چاند ساجد سینئیر پروجکٹ آفیسر نے امیدواروں سے کہا کہ امتحان کے وقت اس بات کا خیال رکھیں کہ تیز رفتاری کے ساتھ صحیح جوابات بہتر رینک کے لیے ضروری ہیں ۔ ڈاکٹر سید اسرار احمد پروجیکٹ آفیسر نے امیدواروں کو مشورہ دیا کہ نظم و ضبط اور وقت کی پابندی کے ساتھ کوچنگ سے استفادہ کریں ۔۔