ملت فنڈ کے ذریعہ مسلم نعشوں کی تدفین

   

حیدرآباد : 18 اکٹوبر ( سیاست نیوز) جناب عامر علی خان نیوز ایڈیٹر سیاست کو پولیس اسٹیشن مارکٹ سکندرآباد کا مراسلہ موصول ہوا جس میں مسلم نعش کی تدفین کی درخواست کی گئی ۔ اس کے علاوہ مزید 8 پولیس اسٹیشنوں سے تدفین کی غرض سے درخواستیں وصول ہوئیں۔ جملہ 9 مسلم نعشوں کو دواخانہ عثمانیہ اور گاندھی ہاسپٹل سے حاصل کر کے قبرستان کوکٹ پلی میں ان کی تدفین عمل میں لائی گئی ۔ نماز جنازہ امام و خطیب مولانا سید افتخار الدین قادری مکی فرزند الحاج سید شاہ نور الدین قادری بانی جامع مسجد عرفات یاقوت پورہ کالونی نے پڑھائی جبکہ مولانا سید سلیم الدین شریف نے دعا فرمائی ۔ اس موقع پر مولانا سید افتخار الدین قادری مکی نے کہا کہ 2003 میں جب زاہد علی خان صاحب کی سرپرستی میں تدفین کا سلسلہ ملت فنڈ کے ذریعہ شروع ہوا تو میرے والد صاحب کو نماز جنازہ پڑھانے کا شرف حاصل ہوا تھا ۔ آج جب میں نماز جنازہ پڑھا رہا تھا تو اس وقت مجھ پر جو کیفیت تھی بیان کرنا مشکل ہے ۔ سکندرآباد کی صوفیہ خان نے مرحومین کیلئے دعائے مغفرت کی ۔ بشری تبسم نے کہا کہ ملت فنڈ میں تعاون کرنے والوں کو اللہ اجر عظیم عطا فرمائے اور ورثا جہاں بھی ہو اللہ پاک ان کو صبر عطا فرمائے ۔ ( آمین) ، ایڈیٹر سیاست جناب زاہد علی خان نے تدفین میں تعاون پر جناب شیخ عبدالعزیز صدر عیدگاہ کوکٹ پلی کا شکریہ ادا کیا ۔