ملک میں تمام ریلوے پھاٹکوں کو 2030 تک ہٹانے کا ہدف

   

کوچی، 10 اکتوبر (یو این آئی) ملک کے ریلوے نیٹ ورک کی بڑے پیمانے پر تجدید کاری کے ایک حصے کے طور پر 2030 تک ہندوستان میں تمام ریلوے پھاٹکوں کو ہٹا دیا جائے گا۔ ماہی پروری اور اقلیتی امور کے مرکزی وزیر مملکت جارج کورین نے کہا کہ نئی نسل کی ٹرینوں اور جدید انفرااسٹرکچر کے آغاز کے بعد تمام لیول کراسنگ کو انڈر برج یا اوور برج میں بدل دیا جائے گا، جس سے ریل کی ہموار اور محفوظ آمدورفت یقینی ہو گی۔ ہندوستان کے نقل و حمل کے شعبے کی تیز رفتار تبدیلی کے ایک حصے کے طور پر جلد ہی ملک بھر میں جدید ترین سہولیات سے مزین مزید وندے بھارت اور تیز رفتار ٹرینیں متعارف کرائی جائیں گی۔ کل چانگناسری میں ترواننت پورم-کنور جن شتابدی ایکسپریس کو جھنڈی دکھاتے ہوئے جارج کورین نے کہا کہ مستقبل میں عوام کی ضروریات کی تکمیل کے لیے طویل فاصلے کی اور ایکسپریس ٹرینیں مزید اسٹیشنوں پر رکیں گی۔ انہوں نے کہا کہ امرت بھارت اسٹیشن اسکیم کے تحت کیرالا میں 35 ریلوے اسٹیشنوں کا انتخاب کیا گیا ہے اور ان کی جدید کاری کے لیے 2500 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آخرکار ہندوستان کے تمام اسٹیشنوں کو امرت بھارت معیار کے مطابق اپ گریڈ کیا جائے گا۔