ممبئی میں شدید بارش سے4 منزلہ عمارت منہدم، 11افراد ہلاک

,

   

مہلوکین میں 8بچے شامل ،امدادی کام جاری‘شہر اور اضلاع میں چار دنوں کیلئے آرنیج الرٹ

ممبئی : مہاراشٹرا میں مانسون نے اپنی آمد کے ساتھ قہر ڈھایا ہے ۔ شدید بارش کے باعث ممبئی کے مالاڈ ویسٹ کے مالوانی علاقے میں 4 منزلہ عمارت کل رات گیارہ بچ کر دس منٹ کو گر گئی۔ اس واقعے میں8بچوں سمیت 11افراد ہلاک ہوگئے تھے۔ 17 دیگر افراد شدید زخمی ہوئے جن کو بی ڈی بی اے میونسپل جنرل ہسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔حادثہ کے وقت عمارت میں بچوں، بزرگ سمیت لوگوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔فائر بریگیڈ عملہ واقعے کے فورا بعد وہاں پہنچ گیا۔ مقامی پولیس اور لوگوں کی مدد سے ملبے میں پھنسے پندرہ افراد کو بچایا گیا۔برہان ممبئی میونسپل کارپوریشن نے بتایا کہ قریب تین دیگر عمارتیں بوسیدہ حالت میں ہیں اور مکینوں کو نکال لیا گیا ہے۔ بی ایم سی کے مطابق یہ واقعہ گذشتہ رات مالانی گیٹ نمبر8 پر اس وقت پیش آیا جب ایک رہائشی عمارت کی دوسری اور تیسری منزل کا ایک حصہ ملحقہ جھونپڑی پر گر گیا۔ راحت و امدادی کاروائیاں جاری ہیں اور زخمیوں کو نزدیکی اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ مہاراشٹرا کے وزیر اسلم شیخ کے مطابق شہر میں شدید بارش کے باعث عمارت منہدم ہوگئی۔ممبئی میں کل دن بھر تیز بارش ہوئی۔ اس کے نتیجے میں سڑکیں اور ریل کی پٹری بند ہوگئی۔ہندوستانی محکمہ موسمیات نے اگلے چار دن تک ممبئی سمیت مختلف اضلاع کے لئے ‘نارنگی الرٹ جاری کیا ہے۔اسی دوران جمعرات کو ممبئی کے دہیسارعلاقہ میں 3 مکانات منہدم ہوگئے جس میں ایک شخص کی موت واقع ہوگئی ۔جمعہ تک شدید بارش کی پیش قیاسی کے پیش نظر نیشنل ڈیزاسٹر ریسپانس فورس کی تقریباً 15 ٹیموں کو ساحلی اضلاع میں تعینات کیا گیا ہے ۔ رائے گڑھ اور رتنا گری میں شدید بارش ریکارڈ کی گئی۔ٹرین کے علاوہ فضائی سرویس بھی متاثر رہی ۔