منشیات کی تیاری کا ریاکٹ بے نقاب

   

تین ملزمین گرفتار، نارکوٹک انفورسمنٹ بیورو اور سورارام پولیس کی کارروائی
حیدرآباد ۔ 2 ڈسمبر (سیاست نیوز) منشیات تیاری کے ایک ریاکٹ کو بے نقاب کرتے ہوئے پولیس نے تین ملزمین کو گرفتار کرلیا۔ تلنگانہ اسٹیٹ نارکوٹک انفورسمنٹ بیورو اور سورارم پولیس نے ایک مشترکہ کارروائی میں اس منشیات کے ریاکٹ کا پردہ فاش کردیا۔ اس سلسلہ میں ایس پی نارکوٹک انفورسمنٹ بیورو مسٹر گمی چکرورتی نے بتایا کہ 40 سالہ کے سرینواس عرف سینو ساکن گاجولہ رامارم متوطن مغربی گوداوری، 42 سالہ جی نرسمہا راجو ساکن پولاورم، 32 سالہ ڈی ایم ویرا وینکٹ ناگاراجو ساکن گاجولہ رامارم متوطن مشرقی گوداوری کو گرفتار کرلیا۔ پولیس نے ان کے قبضہ سے 60 گرام کرسٹل مٹیافٹیا مائن اور 700 ملی لیٹر محلول، تین سیل فون اور دیگر اشیاء کو ضبط کرلیا جس کی مالیت تقریباً 50 لاکھ روپئے بتائی گئی۔ پولیس کے مطابق گذشتہ دو سال سے منشیات کی تیاری کررہے تھے۔ سرینواس جو ایک ڈرگ کمپنی میں کام کرتا تھا۔ اس نے اس تجربہ سے منشیات کو تیار کرنا شروع کیا۔ اس سے قبل پولیس کی کارروائی میں اسے گرفتار کیا گیا تھا اور جیل سے رہائی کے بعد اس نے گرفتار دیگر دو افراد کے ساتھ دوبارہ منشیات کی تیاری شروع کردی۔ گاجولہ رامارم کے علاقہ میں ایک مکان کے اندر منشیات تیار کئے جارہے تھے اور ان منشیات کو سوشل میڈیا کے ذریعہ فروخت کیا جارہا تھا۔ ایس پی چکراورتی نے بتایا کہ گرفتار تین ملزمین کے خلاف پی ڈی ایکٹ نافذ کیا جائے گا۔ع