موسیٰ ندی و میٹرو ٹرین پراجکٹ کیلئے فنڈس جاری کرنے مرکز سے نمائندگی

   

چیف منسٹر ریونت ریڈی کی امیت شاہ اور منوہر لال کھٹر سے ملاقات، سیلاب کے نقصانات پر رپورٹ پیش
حیدرآباد 7 اکتوبر (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے نئی دہلی میں مرکزی وزیر ہاؤزنگ اور شہری ترقی منوہر لال کھٹر سے ملاقات کی اور تلنگانہ کے مختلف پراجکٹس کیلئے مرکزی فنڈس کی اجرائی کی اپیل کی۔ چیف منسٹر نے حیدرآباد کے جامع سیوریج ماسٹر پلان کو مرکز کی امرت 2.0 اسکیم میں شمولیت کی درخواست کی۔ انہوں نے کہا کہ سیوریج ماسٹر پلان کو خصوصی پراجکٹ کے طور پر ترجیح دے کر فنڈس جاری کئے جائیں۔ چیف منسٹر نے مرکزی وزیر کو حیدرآباد کی تاریخی اہمیت سے واقف کرایا اور کہا کہ شہر میں آج بھی قدیم سیوریج سسٹم ہے جو موجودہ ضرورتوں کیلئے ناکافی ہے۔ چیف منسٹر نے شہر کے اطراف واقع میونسپلٹیز میں مناسب سیوریج سسٹم کی عدم موجودگی کے نتیجہ میں عوام کو دشواروں کا حوالہ دیا۔ چیف منسٹر نے کہا کہ حیدرآباد اور اس کے اطراف کی میونسپلٹیز میں ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ کے مقاصد کی تکمیل ضروری ہے تاکہ حیدرآباد کو عالمی معیار کے شہر میں تبدیل کیا جائے ۔ چیف منسٹر نے مرکزی وزیر کو بتایا کہ جامع سیوریج ماسٹر پلان کی تفصیلی پراجکٹ رپورٹ تیار کی گئی ہے جس کے تحت حیدرآباد اور اطراف کی 27 میونسپلٹیز کا احاطہ کیا جائیگا۔ موجودہ پلان کے تحت 17212.69 کروڑ سے 7444 کیلو میٹر عصری سیوریج سسٹم کو ترقی دی جائیگی۔ چیف منسٹر نے مرکزی وزیر کو پراجکٹ رپورٹ پیش کرکے امرت 2.0 اسکیم یا پھر خصوصی پراجکٹ کے تحت معاشی امداد کی درخواست کی۔ چیف منسٹر نے موسیٰ ندی ترقیاتی پراجکٹ کا حوالہ دیا اور کہا کہ حیدرآباد میں موسیٰ ندی 55 کیلو میٹر کا احاطہ کرتی ہے اور 110 کیلو میٹر تک ڈرینج کا پانی ندی میں شامل ہورہا ہے۔ موسیٰ ندی کو صاف بنانے پراجکٹ رپورٹ تیار کی گئی۔ 4000 کروڑ خرچ سے سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹس قائم کئے جائیں گے۔ چیف منسٹر نے پراجکٹ کیلئے مرکز سے تعاون کی اپیل کی۔ حیدرآباد میٹرو ریل مرحلہ دوم کی توسیع سے واقف کراتے ہوئے انہوں نے رپورٹ پیش کی۔ رپورٹ میں ناگول تا شمس آباد راجیو گاندھی انٹرنیشنل ایرپورٹ تک 36.8 کیلو میٹر ، رائے درگم سے کوکاپیٹ تک 11.6 کیلو میٹر ، مہاتما گاندھی بس اسٹیشن تا چندرائن گٹہ 7.5 کیلو میٹر ، میاں پور تا پٹن چیرو 13.4 کیلو میٹر اور ایل بی نگر تا حیات نگر 7.1 کیلو میٹر پراجکٹ کی تفصیلات پیش کیں ۔ میٹرو ٹرین مرحلہ دوم میں جملہ 76.4 کیلو میٹر کی توسیع کی جائے گی جس پر 24269 کروڑ مصارف ہونگے۔ ملاقات کے موقع پر چیف سکریٹری شانتی کماری، رکن پارلیمنٹ کرن کمار ریڈی اور حکومت کے مشیر جتیندر ریڈی موجود تھے۔منوہر لال کھٹر سے ملاقات سے قبل چیف منسٹر نے مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ سے ملاقات کی۔ ستمبر میں شدید بارش اور سیلاب کے نتیجہ میں بھاری نقصانات پر رپورٹ پیش کرتے ہوئے مرکزی حکومت سے مناسب امداد کی درخواست کی۔ انہوں نے امیت شاہ کو تلنگانہ کے مرکز سے زیر التواء مسائل سے واقف کرایا ۔آندھراپردیش تنظیم جدید قانون کے تحت تلنگانہ سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل کی درخواست کی۔1