موسیٰ ندی کو خوبصورت بنانے کیلئے عہدیداروں کی سرگرمیوں کا آغاز

   

پرنسپل سکریٹری بلدی نظم و نسق کے جائزہ اجلاس میں عہدیداروں کو ضروری ہدایات
حیدرآباد۔24۔ ستمبر۔(سیاست نیوز) موسیٰ ندی کو خوبصورت بنانے کے منصوبہ پر عہدیداروں کی جانب سے اقدامات اور جائزہ اجلاسوں کا سلسلہ شروع ہوچکا ہے اور جلد موسیٰ ندی کے کنارے موجود قابضین کی برخواستگی کے اقدامات کئے جائیں گے۔ پرنسپل سیکریٹری بلدی نظم ونسق دانا کشور نے آج متعلقہ عہدیداروں کا جائزہ اجلاس منعقد کرکے انہیں ہدایت دی کہ وہ عوامی ناراضگی سے محفوظ پر کر پراجیکٹ پر کاموں کی منصوبہ بندی کریں اور اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ قلب شہر میں موسیٰ ندی کے کنارے پر موجود قبضہ جات کی برخواستگی میں کوئی عوامی ناراضگی پیدا نہ ہو ۔ دانا کشور نے اجلاس میں موسیٰ ندی پر نئے برجس کی تعمیر کے منصوبہ کا بھی جائزہ لیا اور کہا کہ فی الحال موسیٰ ندی پر موجود 17 برجس کی مضبوطی کا جائزہ لیا جائے اور ممبئی کی ایک ایجنسی کو ذمہ داری تفویض کرنے کا فیصلہ کیاگیا ہے تاکہ وہ ان برجس کی جو کہ نظام دور حکومت میں تعمیر کئے گئے تھے استحکام پر اپنی رپورٹ پیش کرے تاکہ اگر ان برجس کی ضرورت پر مرمت کو یقینی بنایا جاسکے اور اگر ان برجس میں کوئی برج کمزور ہوچکا ہے تو اس کو تہذیبی ورثہ کے طور پر محفوظ کیا جاسکے ۔ اجلاس میںعہدیداروں نے بتایا کہ موسیٰ ندی کے کنارے قبضہ جات کی نشاندہی کے بعد جو اعداد و شمار سامنے آئے ہیں وہ چونکا دینے والے ہیں اسی لئے ان قابضین کی منتقلی کے بعد ہی اس پر عمل کو یقینی بنایا جاسکتا ہے ۔ عہدیداروں نے موسیٰ ندی کو خوبصورت بنانے کے منصوبہ پر اپنی تجاویز پیش کرنے کے علاوہ ندی میں فضلہ کے اخراج کو روکنے پر بھی زور دیا ۔ اجلاس میںحیدرآباد میٹرو پولیٹین ڈیولپمنٹ اتھاریٹی ‘ مجلس بلدیہ عظیم ترحیدرآباد ‘ موسیٰ ندی بیوٹیفیکیشن پراجکٹ اتھاریٹی کے علاوہ دیگر متعلقہ محکمہ جات کے عہدیدار موجود تھے ۔ ذرائع کے مطابق چیف منسٹر ریونت ریڈی کی ہدایت پر اجلاس میں شریک عہدیداروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ تیزی سے پراجیکٹ پر عمل میں اپنے اپنے ماتحت عہدیداروں کی ٹیم تیار کریں اور ممکنہ حد تک کسی رکاوٹ کے بغیر پراجیکٹ کو یقینی بنائیں۔ اجلاس میںعہدیداروں نے موسیٰ ندی کے 58 کیلو میٹر پر موجود 17 برجس کی مضبوطی پر رپورٹ ملنے کے بعد قطعی فیصلہ کیا جائیگا اور حکومت کو رپورٹ پیش کی جائیگی۔3