موٹر سائیکل سارقین کی ٹولی گرفتار

   

موٹر سائیکلس اور موبائیل فونس ضبط، پہاڑی شریف پولیس کی کارروائی
حیدرآباد۔/6 ستمبر، ( سیاست نیوز) پہاڑی شریف پولیس نے موٹر سیکلوں کے سارقین کی ایک ٹولی کو بے نقاب کرتے ہوئے پانچ افراد کو گرفتار کرلیا اور ان کے قبضہ سے موٹر سیکل اور 2 موبائیل فونس جس کی کل مالیت 2,72,000 بتائی گئی ہے کو ضبط کرلیا ۔ ڈی سی پی ایل بی نگر مسٹر سنپریت سنگھ نے بتایا کہ 19 سالہ شہباز ساکن مہدی پٹنم ، 20 سالہ امیر پاشاہ ٹپہ چبوترا ، 17 سالہ آصف ساکن ٹپہ چبوترا ، 21 سالہ محمد عباس صابر نگر اور 20 سالہ سید عارف ساکن چنتل میٹ کو گرفتارکرلیاہے۔ انہوں نے بتایا کہ گرفتار افراد آپس میں ساتھی ہیں اور یہ لوگ جو کام کرتے تھے اس سے ہونے والی آمدنی میں ان کاگذارا مشکل تھا اور نہ ہی یہ لوگ اپنی ضروریات زندگی کو پورا کرپارہے تھے۔ ان حالات کو دیکھتے ہوئے انہوں نے ایک سازش تیار کی اور موٹر سیکلوں کے سرقہ کا آغاز کیا۔ پارکنگ کے مقامات پر پارک کی ہوئی موٹر سیکلوں کو یہ لوگ اپنا نشانہ بنایا کرتے تھے۔ موٹر سیکلوں کے قفل کو توڑنے کے چند عرصہ میں یہ ٹولی پیشہ ورانہ سارقوں کی طرح غیر سماجی حرکتیں کرنے لگی۔ پہاڑی شریف علاقہ سے تین، چندرائن گٹہ ، ہمایوں نگر اور لنگر حوض کے علاقوں میں اس ٹولی نے اپنی سرگرمیوں کو جاری رکھا۔ 25 اگسٹ کو اس ٹولی نے پہاڑی شریف کے علاقہ سے جارہے ایک شہری کا راستہ روکا اور ڈرا دھمکا کر اس کے قبضہ سے نقد رقم ، موبائیل چھین لیا ۔