میاں پور میں بدنام زمانہ چڈی گینگ ٹولی کارکن گرفتار

   

ملزم گجراتی ، طلائی اشیاء ضبط ، دیگر ملزمین مفرور
حیدرآباد /24 اگست ( سیاست نیوز ) میاں پور پولیس نے بدنام زمانہ چڈی گینگ ٹولی کے ایک رکن کو گرفتار کرلیا۔ میاں پور پولیس نے لنگم پلی ریلوے اسٹیشن سے کارروائی کرتے ہوئے 27 سالہ منماں مکیش بھائی بھارو بھائی ساکن گجرات کو گرفتار کرلیا اور اس کے قبضہ سے 8 تولہ طلائی اشیاء کو ضبط کرلیا ۔ سی سی ایس مادھاپور اور میاں پور پولیس نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے بدنام زمانہ چڈی گینگ کے رکن کو گرفتار کرلیا جو 4 مقدمات میں ملوث ہے ۔ میاں پور اور امین پور پولیس اسٹیشن حدود میں اس ٹولی نے وارداتیں انجام دی تھیں ۔ پولیس کے مطابق اس ٹولی کے دیگر اراکین وکرم بھائی داریا بھائی پرمار اور موہتیا نتن بھائی ساکنان گجرات مفرور ہیں ۔ پولیس نے بتایا کہ اس ٹولی کے ایک اور رکن سرمال عرف سومو عرف سرمل بھائی کو گجرات میں گرفتار کرلیا گیا ہے ۔ پولیس نے مکیش بھائی کے قبضہ سے 4 لاکھ روپئے مالیتی طلائی زیورات کو ضبط کرلیا ۔ اس ٹولی نے جاریہ ماہ اگست کے پہلے ہفتہ میں امین پور پولیس واردات انجام دی تھیں ۔ چڈی اور بنیان پر چپل ہاتھ میں لئے چہرے کو رومال سے ڈھانک کر بڑی کالونیوں اور گیٹیڈ کمیونٹی میں یہ چڈی گینگ وارداتیں انجام دیا کرتی ہیں ۔ وکرم جو یہاں حیدرآباد میں پلمبر کا کام کرتا تھا اس نے اپنے ساتھیوں کو گجرات سے طلب کیا اور پہلے لنگم پلی اور امین پور میاں پور علاقوں میں بڑے مکانات کی نشاندہی کی گئی اور اس کے بعد واردات کو انجام دیا گیا ۔ پولیس مفرور مزید سارقوں کو تلاش کرنے میں جٹ گئی ہے۔ ع