جوبلی ہلز کی انتخابی مہم اور بی سی تحفظات پر مقدمات کا جائزہ
حیدرآباد۔ 5 اکتوبر (سیاست نیوز) اے آئی سی سی انچارج تلنگانہ میناکشی نٹراجن نے مجالس مقامی کے انتخابات، جوبلی ہلز ضمنی چناؤ اور تحفظات کے سپریم کورٹ میں مقدمہ پر ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکا، صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ اور وزیر بی سی ویلفیر پونم پربھاکر سے مشاورت کی تینوں قائدین نے چیف منسٹر سے ملاقات کے بعد میناکشی نٹراجن کو پیر کو سپریم کورٹ اور 8 اکتوبر کو ہائی کورٹ میں سماعت کے ضمن میں حکومت کے موقف کی تفصیلات سے واقف کرایا۔ میناکشی نٹراجن کو جوبلی ہلز ضمنی چناؤ کی انتخابی حکمت عملی اور ریاستی وزراء کے دوروں کی تفصیلات سے واقف کرایا گیا ۔ بتایا جاتا ہیکہ میناکشی نٹراجن نے قائدین کو مشورہ دیا کہ وہ عوام سے رابطہ برقرار رکھیں اور مقامی درپیش مسائل کی یکسوئی کے لئے اقدامات کریں۔ میناکشی نٹراجن نے الیکشن شیڈول کی اجرائی کے بعد جوبلی ہلز کے دورہ کا منصوبہ بنایا ۔ انہوں نے راہول گاندھی کی شروع کردہ مخالف ووٹ چوری مہم کے حق میں دستخطی مہم اور ضلع کانگریس صدور کے انتخاب پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ ریاست بھر میں دستخطی مہم کے لئے ضلع کمیٹیوں کو متحرک کردیا گیا ہے۔ 1