نظام آباد : عوام کو لوٹنے والے سود خوروں پر پولیس کا شکنجہ

   

نظام آباد، 23 اگست (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) متحدہ نظام آباد ضلع میں سود خوروں کی من مانی اور غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف پولیس کمشنر سائی چیتنیا نے بڑے پیمانے پر کارروائی کا آغاز کردیا ہے۔ عوامی شکایات پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے پولیس کمشنر نے کہا کہ خانگی فینانسرس لائسنس کے بغیر قرض فراہم کرتے ہوئے نہ صرف مقروضوں کی جائیدادیں گروی رکھوا کر رجسٹریشن کرواتے ہیں بلکہ حد سے زیادہ شرحوں پر سود وصول کرکے عوام کا استحصال کررہے ہیں۔ ان شکایات کے پیش نظر پولیس نے سخت اقدامات اٹھاتے ہوئے غیر قانونی فائننس کاروبار کے خلاف خصوصی مہم شروع کردی۔ذرائع کے مطابق اس کارروائی کے دوران شہر نظام آباد کے تھری ٹاؤن پولیس حدود میں ایک خانگی فینانسرس کے مکان سے دس تا بارہ لاکھ روپے ضبط کیے گئے۔ کمشنر پولیس کی ہدایت پر ایک ہی وقت میں ضلع بھر میں دس خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئیں جنہوں نے نظام آباد، بودھن اور آرمور ڈویڑنز میں اچانک دھاوے کیے۔ کارروائی کی نگرانی متعلقہ اے سی پیز نے کی جبکہ سرکل انسپکٹرس اور سب انسپکٹرس کی قیادت میں ٹیموں نے سود خوروں کے مکانات اور دفاتر کی تلاشی لی اور ان کے غیر قانونی کاروبار سے متعلق تفصیلات حاصل کی گئی۔پولیس ذرائع کے مطابق ان دھاوؤں کے دوران بڑی تعداد میں دستاویزات، نقد رقم اور چند مشتبہ افراد کو تحویل میں لیا گیا ہے۔ تاہم اس بارے میں تاحال پولیس کی جانب سے کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا اور کارروائی خفیہ طور پر انجام دی گئی۔ پولیس نے واضح کیا کہ عوام کو لوٹنے والے اور غیر قانونی طریقے سے فینانس کاروبار چلانے والوں کے خلاف سخت قانونی اقدامات کیے جائیں گے تاکہ عوام کو سود خوروں کے استحصال سے نجات دلائی جاسکے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل بھی کمشنر پولیس کی ہدایت پر خانگی فائننسرز کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائیاں ہوچکی ہیں جن میں بعض پولیس اہلکاروں کے ملوث ہونے کے واقعات بھی سامنے آئے تھے۔