نقل مکانی کرنے والے مزدوروں کو لے جانے والی گاڑیاں حادثات کا شکار،ایک ہلاک،بیشتر کئی زخمی

   

حیدرآباد17مئی (یواین آئی)اے پی میں پیش آئے دو مختلف سڑک حادثات میں ایک شخص ہلاک اور بیشتر دیگر زخمی ہوگئے ۔ان دونوں حادثات کی شکار گاڑیوں میں نقل مکانی کرنے والے مزدور سوار تھے جواپنے آبائی مقامات جارہے تھے ۔تفصیلات کے مطابق چینئی سے کولکتہ کی سمت جانے والی ایک بس جس میں نقل مکانی کرنے والے مزدور سوار تھے کے ڈرائیور نے توازن کھودیا جس کے نتیجہ میں اے پی کے ضلع کرشنا کے گناورم میں یہ بس ٹہری ہوئی لاری سے ٹکراگئی۔اس حادثہ میں ایک شخص ہلاک اور دیگر کئی زخمی ہوگئے ۔ضلع کرشنا کے کلکٹر نے کہا کہ زخمیوں کو علاج کے لئے گناورم کے سرکاری ہاسپٹل منتقل کردیاگیا۔دوسرا حادثہ ضلع گنٹور میں پیش آیا جہاں نقل مکانی کرنے والے مزدوروں کو لے جانے والی ٹمپو گاڑی کے ڈرائیور نے توازن کھودیا جس کے نتیجہ میں یہ گاڑی الٹ گئی۔اس حادثہ میں سات افراد زخمی ہوگئے ۔عہدیداروں نے بتایا کہ اس گاڑی میں نقل مکانی کرنے والے مزدور تھے جو چینئی سے بہار کی سمت جارہے تھے ۔ان زخمیوں کو علاج کے لئے چلکالوری پیٹ کے سرکاری اسپتال منتقل کردیاگیا۔پولیس نے اس سلسلہ میں ایک معاملہ درج کرکے جانچ شروع کردی۔