نماز مومن کی معراج اوربے حیائی سے پرہیز کا بہترین راستہ

,

   

دین سے دوری دنیا و آخرت کی تباہی کا باعث، شہر میں معراج النبیؐ کے اجتماعات ، علماء کرام کا خطاب
حیدرآباد۔3اپریل(سیاست نیوز) دونوں شہروں حیدرآباد وسکندرآباد میں شب معراج النبی ﷺ کا انتہائی خشوع و خضوع کے ساتھ اہتمام کیا گیا اور شہر کی کئی مرکزی مساجد و اہم مقامات پر جلسہ ہائے شب معراج منعقد کرتے ہوئے فضائل شب معراج بیان کئے گئے۔امیر امارت ملت اسلامیہ مولانا محمد حسام الدین ثانی جعفر پاشاہ نے جامع مسجد دارالشفاء اور جامع مسجد چوک میں امارت ملت اسلامیہ کے زیر اہتمام منعقد کئے جانے والے جلسہ شب برأ ت سے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ دختران ملت اسلامیہ میں جو حیاء ہونی ہے وہ ختم ہوتی جا رہی ہے اور نماز بے حیائی سے روکتی ہے اسی لئے نمازوں کی پابندی کو لازمی کریں تاکہ بے حیائی کے خاتمہ کو ممکن بنایا جاسکے۔انہوں نے فضائل شب معراج النبی ﷺ بیان کرتے ہوئے کہا کہ اللہ کے رسول ﷺ نے نماز کو مومن کی معراج قرار دیا ہے اور اپنی آنکھوں کی ٹھنڈک لیکن نوجوانوں میں نماز کے تعلق سے بڑھ رہی بے اعتنائی قابل غور نہیں بلکہ قابل گرفت ہے۔ مولانا محمد حسام الدین ثانی جعفر پاشاہ نے اپنے خطاب کے دوران والدین کو مشورہ دیا کہ وہ اپنے بچوں کو دینی ماحول کی فراہمی میں کوتاہی نہ کریں کیونکہ دین سے دوری دنیا و آخرت دونوں کی تباہی کا باعث ہے۔انہوں نے نوجوانوں کو تلقین کرتے ہوئے کہا کہ وہ سوشل میڈیا اور بے ہودہ ایپلیکیشنس پر اپنے اوقات ضائع کرنے کے بجائے اللہ کی رسی کو مضبوطی سے تھامنے کی کوشش کریں کیونکہ اللہ رب العزت اس قوم کو ہی عزت سے نوازتا ہے جس قوم میں حیاء ہوتی ہے اور دور حاضر میں یہ دیکھا جا رہاہے کہ نوجوانوں میں بے حیائی فروغ پارہی ہے اور بعض ویڈیوز کو دیکھ کر شرمندگی کا احساس ہونے لگا ہے اور چند لوگوں کی اس بے حیائی سے مسلمانوں کا نام بدنام ہونے لگا ہے اور اس طرح کی بے حیائی کی پذیرائی کو دیکھتے ہوئے دیگر نوجوان بھی ان بے ہودہ حرکات کا حصہ بننے لگے ہیں۔

امارت ملت اسلامیہ کے جلسہ ہائے شب معراج النبی ﷺ کے علاوہ شہر میں کل ہند مرکزی رحمت عالم کمیٹی کے زیر اہتمام انٹرنیشنل معراج النبی ؐ کانفرنس کا چنچل گوڑہ جونیئر کالج گراؤنڈ پر اہتمام کیا گیا اس جلسہ کانفرنس سے مولانا سید خلیل علی شاہ بابا قدرتی محبوبی‘مولانا سید محمد عبداللہ حسنی چشتی کے علاوہ مقامی علماء اکرام نے مخاطب کیا۔کل ہند بزم رحمت عالم کے زیر اہتمام قلی قطب شاہ اسٹیڈیم میں جلسہ معراج النبی ؐ کا انعقاد عمل میں لایا گیا اس جلسہ سے مولانا شمیم الزماں قادری ‘ مولانا سید شاہ خوشتر ربانی کے علاوہ دیگر علماء اکرام نے مخاطب کیا ۔تاریخی مکہ مسجد میں جلسہ معراج النبیؐ کا انعقاد عمل میں لایا گیا اور اس جلسہ سے حافظ محمد عثمان نقشبندی امام مکہ مسجد کے علاوہ مولانا سید علی حسینی قادری (قادری چمن)نے خطاب کرتے ہوئے فضائل شب معراج بیان کئے ۔شاہی مسجد باغ عامہ میں منعقد ہونے والے جلسہ شب معراج النبی ﷺ سے مولانا حافظ محسن بن محمد الحمومی کے علاوہ مولانا حافظ احسن بن محمد الحمومی نے مخاطب کیا اور جلسہ کی نگرانی حضرت مولانا شاہ محمد بن عبدالرحمن الحمومی نے فرمائی۔مسجد حافظ ڈنکا مغل پورہ میں مولانا حافظ و قاری سید شاہ مرتضی علی صوفی نے فضائل شب معراج بیان کئے ۔ اس کے علاوہ شہر کی کئی مساجد اور خانقاہوں میں شب معراج کی خصوصی عبادتوں اور نوافل کا اہتمام کیا گیا۔