فاروق عبداللہ کی قیام گاہ پر اجلاس کے بعد سید عزیز پاشاہ کا بیان
حیدرآباد ۔ 27 ۔ اگست : ( سیاست نیوز) : جموں و کشمیر اسٹیٹ کونسل آف کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا ( سی پی آئی ) نے نیشنل کانفرنس ۔ کانگریس اتحاد کی تائید کرنے کا اعلان کیا ۔ جموں و کشمیر میں آئندہ منعقد ہونے والے اسمبلی انتخابات کے پیش نظر کل فاروق عبداللہ کی قیام گاہ پر ایک اجلاس منعقد ہوا ۔ جس میں سابق رکن راجیہ سبھا اور نیشنل سکریٹریٹ ممبر سید عزیز پاشاہ اور اینی راجا ، جنرل سکریٹری نیشنل فیڈریشن آف انڈیا نے شرکت کی ۔ اس اجلاس کے بعد سی پی آئی نے انڈیا اتحاد کے حصہ کے طور پر نیشنل کانفرنس ۔ کانگریس اتحاد کی پوری تائید کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ فاروق عبداللہ نے کہا کہ سی پی ایم اور سی پی آئی میری دائیں اور بائیں آنکھوں کی طرح ہیں کیوں کہ انہوں نے ہمیشہ تمام مسائل پر ایک اصولی موقف اختیار کیا ہے ۔ بالخصوص کشمیر پر ۔ پارٹی کے قومی قائدین نے بتایا کہ وادی کشمیر میں تمام نشستوں سے الائنس کے امیدواروں کی تائید کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور جموں کے تین اسمبلی حلقوں چینائی ، ڈوڈا اور نرگوٹا سے پارٹی کے امیدواروں کو انتخابی میدان میں اتارنے کا فیصلہ کیا گیا ، تاہم انہوں نے کہا کہ وہ ان نشستوں پر اتفاق رائے کے لیے اتحاد میں شریک پارٹیوں سے مشاورت کررہے ہیں ۔۔