وائی ایس شرمیلا محبوب آباد ضلع میں گرفتار، حیدرآباد منتقل

   

پدیاترا کی اجازت منسوخ، رکن اسمبلی کے خلاف ریمارکس پر مقدمہ درج
حیدرآباد۔/19 فروری، ( سیاست نیوز) وائی ایس آر تلنگانہ پارٹی کی صدر وائی ایس شرمیلا کو آج محبوب آباد میں پولیس نے گرفتار کرلیا اور انہیں حیدرآباد منتقل کردیا گیا۔ شرمیلا جو پدیاترا کررہی ہیں محبوب آباد ضلع میں پدیاترا پر پولیس نے روک لگادی اور پدیاترا کی اجازت منسوخ کردی۔ مقامی بی آر ایس رکن اسمبلی بی شنکر نائیک اور ان کی اہلیہ کے خلاف ریمارکس پر شرمیلا کو گرفتار کیا گیا۔ اتوار کی صبح محبوب آباد سے 6 کیلو میٹر کی دوری پر واقع بھاجنا تانڈا میں صورتحال اس وقت کشیدہ ہوگئی جب بی آر ایس کیڈر نے رکن اسمبلی کی اہلیہ سیتا مہا لکشمی کی قیادت میں پہنچ کر دھرنا دیا۔ شرمیلا اس گاؤں میں پدیاترا کے سلسلہ میں قیام پذیر تھیں۔ بی آر ایس کے کارکنوں نے شرمیلا سے مطالبہ کیا کہ وہ رکن اسمبلی کے خلاف ریمارکس پر معذرت خواہی کریں۔ اس موقع پر شرمیلا کا ایک خیرمقدمی فلیکسی نذرآتش کیا گیا۔ بی آر ایس اور شرمیلا کے حامیوں کے حامیوں کے درمیان تصادم کی صورتحال پیدا ہوگئی جس پر پولیس نے شرمیلا کو پدیاترا کی اجازت منسوخ کرنے کی نوٹس حوالے کی اور انہیں حراست میں لے لیا۔ بتایا جاتا ہے کہ شرمیلا کے خلاف ایس سی، ایس ٹی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ پولیس نے تصادم کو روکنے کیلئے زائد فورس تعینات کردی۔ نرسہم پیٹ ایم ایل اے کے پی سدرشن ریڈی کے خلاف بھی شرمیلا نے ریمارکس کئے تھے اور ان کے حامیوں نے بھی احتجاج کیا۔ گرفتاری کے موقع پر پولیس اور شرمیلا کے درمیان بحث وتکرار ہوئی۔ر