ووٹر لسٹ میں ناموں کا اندراج

   

استفادہ کرنے ہر شخص سے ضلع کلکٹر کی اپیل

نظام آباد :یکم؍ ستمبر(سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)فہرست رائے دہندگان کے ناموں کا اندراج کیلئے فراہم کردہ موقع سے ہر شخص استفادہ کرے تو بہتر ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار ضلع کلکٹر مسٹر رام موہن رائو نے آج میونسپل کارپوریشن آفس میں ویریفیکشن سنٹر کے افتتاح کے موقع پر کیا ۔ انہوں نے کہا کہ 31 ؍ ڈسمبر 2001 ء سے قبل پیدا ہونے والے افراد اپنے ناموں کا اندراج کراتے ہوئے ووٹر آئی ڈی کارڈ حاصل کرسکتے ہیں ۔ ضلع کلکٹرنے آج پولنگ مراکز کا معائنہ بھی کیا اور اس موقع پر کہا کہ فہرست رائے دہندگان میں اپنے ناموں کی جانچ پڑتال www.nvsp.in پر کرسکتے ہیں اگر فہرست رائے دہندگان میں نام نہ ہونے کی صورت میں آدھار کارڈ یا ڈرائیونگ لائسنس یا دیگر دستاویزات کے ذریعہ آن لائن میں اندراج کراسکتے ہیں یا قریبی می سیوا سنٹر ، میونسپل آفس میں بھی اپنے ناموں کا اندراج کراسکتے ہیں ۔ انہوں نے ویریفیکشن سنٹر کا معائنہ کیا اورعوام کو استفادہ کرنے کی ہدایت دی اور بڑے پیمانے پر تشہیر کرنے کی رائے دی ۔ ضلع کلکٹر ویریفیکشن سنٹر وں کے معائنہ کے موقع پر شیوا جی نگر میں واقع کچرے کے انبار کو دیکھ کر یہیں پر ٹھہر گئے اور فوری صفائی کی ہدایت دی اور آرڈی او آفس پہنچ کر ویریفیکشن سنٹر کا بھی معائنہ کیا اس موقع پر کمشنر میونسپل کارپوریشن جا ن سامسن کے علاوہ دیگر عہدیدار بھی موجود تھے ۔ ضلع کلکٹر مسٹر رام موہن رائو نے گنیش تہوار کی بھی مبارکباد پیش کی اور مٹی کی مورتیوں کی تقسیم بھی عمل میں لائی اور کلکٹر آفس میں جوائنٹ کلکٹر کو اور دیگر عہدیداروں کو مٹی کی مورتیاں تقسیم کی ۔ پلاسٹک کے بیجا استعمال سے گریز کرنے کی ہدایت دی ۔