ٹی آر ایس امیدواروں کو کامیاب بنانے کی اپیل : وزیر داخلہ

   

محبوب نگر ۔ 16 ۔ جنوری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) تلنگانہ کے پسماندگی کے دن اب رخصت ہوچکے ہیں۔ اب ٹی آر ایس دور حکومت میں تلنگانہ مسلسل ترقی کی منزلیں طئے کر رہا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار ریاستی وزیر داخلہ محمد محمود علی بھوت پور اور کونہ کونہ کے بلدی علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے کیا ۔ وزیر داخلہ ٹی آر ایس کے بلدی امیدواروں کی انتخابی مہم میں حصہ لے رہے تھے ۔ انہوںنے پیدل دورہ کیا اور عوام سے ملاقات کر کے حکومت کی فلاحی اور عوامی اسکیمات کے تعلق سے عوام میں شعور بیدار کر رہے تھے ۔ اس موقع پر وہاں موجود اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت ترقیاتی اسکیمات پر کروڑہا روپئے خرچ کر رہی ہے اور عوام اس کے ثمرات سے فائدہ اٹھا رہے ہیں۔ انہوں نے اقلیتوں کی تعلیمی ترقی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ سینکڑوں اقامتی اسکولس میں ہزاروں طلبہ معیاری تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے مستحق طلباء کو بیرون ملک اعلیٰ تعلیم کے حصول کے لئے اسکالرشپ کا آغاز کیا ہے ۔ وزیر داخلہ نے بلدی حلقوں کے تمام ٹی آر ایس امیدواروں کو کامیاب بنانے کی اپیل کی۔ ان کے ہمراہ سورنا سدھاکر ریڈی ضلع پریشد چیرپرسن ، ایم ایل اے وینکٹیشور ریڈی ، امتیاز اسحق ریاستی سکریٹری ٹی آر ایس و دیگر موجود تھے ۔