گریجویٹ حلقوں کے انتخابات میں کانگریس کو ووٹ د یں: ملو بٹی وکرامارک
حیدرآباد۔ تلنگانہ کانگریس لیجسلیچر پارٹی نے کانگریس زیر قیادت یو پی اے دور حکومت میں منظور کردہ آئی ٹی آئی آر کو لانے میں ناکام ہونے والی بی جے پی اور ٹی آر ایس کو گریجویٹ حلقوں کے انتخابات میں شکست دینے کی اپیل کی ہے۔ آج اسمبلی کے احاطہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کانگریس کے فلور لیڈر ملو بٹی وکرامارک نے یہ بات بتائی۔ اس موقع پر کانگریس کے رکن قانون ساز کونسل ٹی جیون ریڈی بھی موجود تھے۔ ملو بٹی وکرامارک نے کہا کہ آئی ٹی آئی آر کے قیام سے راست طور پر 15 لاکھ بالواسطہ طور پر 50 لاکھ جملہ 65 لاکھ نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم ہوتے تھے۔ بڑی جدوجہد اور قربانیوں کے بعد حاصل کردہ ریاست تلنگانہ میں روزگار فراہم کرنے میں ٹی آر ایس پوری طرح ناکام ہوگئی۔ یو پی اے کے دور حکومت میں منظور کردہ پراجکٹس میں ایک پراجکٹ بھی حاصل کرنے میں ٹی آر یس حکومت ناکام ہوگئی۔ ٹی آر ایس اور بی جے پی تلنگانہ کے نوجوانوں کو دھوکہ دے رہے ہیں۔ گریجویٹ انتخابات میں دونوں جماعتوں کو شکست دینے کی نوجوانوں سے ملو بٹی وکرامارک نے اپیل کی۔ ٹی جیون ریڈی نے پٹرول ، ڈیزل اور پکوان گیس کی قیمتوں میں اضافہ کرتے ہوئے غریب و متوسط طبقہ کے عوام کو پریشان کرنے کا مرکزی حکومت پر الزام عائد کیا۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس اور بی جے پی میں خفیہ اتحاد ہے۔ مرکز کو جب بھی ضرورت پڑتی ہے ٹی آر ایس بلاک جھجھک مودی کی مدد کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کے عوام کو دھوکہ دینے کیلئے دونوں جماعتیں سیاسی ڈرامہ بازی کرتے ہوئے ایک دوسرے کو تنقید کا نشانہ بنارہی ہیں۔ ریاست کے مفادات کو ٹی آر ایس حکومت پوری طرح فراموش کرچکی ہے۔ گریجویٹ حلقوں کے انتخابات میں کانگریس کے امیدواروں کو کامیاب بناتے ہوئے ٹی آر ایس اور بی جے پی کو شکست دینے کی گریجویٹ طبقہ سے انہوں نے اپیل کی۔