ٹی آر ایس پارلیمانی پارٹی کا آج اجلاس

   

حیدرآباد۔14نومبر(سیاست نیوز) ٹی آر ایس پارلیمانی پارٹی کا اجلاس 15نومبر کو شام 4بجے تلنگانہ بھون میں منعقد ہو گا۔ 18نومبر سے شروع ہونے والے پارلیمنٹ سرمائی اجلاس سے قبل ٹی آر ایس ارکان لوک سبھا و راجیہ سبھا کا اجلاس طلب کرکے پارلیمنٹ میں اختیار کی جانے والی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا جائیگا۔ صدر ٹی آر ایس چندر شیکھر راؤ کی زیر صدارت اجلاس میں پارلیمنٹ میں پیش کئے جانے والے بلوں کے علاوہ امکانی مباحث کے سلسلہ میں تبادلہ خیال کیا جائے گا ۔ بتایاجاتا ہے کہ بی جے پی ایم پیز آرٹی سی کے مسائل کو ایوان میں پیش کرکے مرکز کی توجہ مبذول کروانے کی کوشش کرسکتے ہیں لیکن ٹی آر ایس ایم پیز کو بھی اس پر مباحث کیلئے نکات حوالہ کئے جائیں گے۔ علاوہ ازیں حکومت کی جانب سے شہریت قوانین میں ترمیم کے سلسلہ میں اجلاس میں بل پیش کرنے کے امکانات کا اجلاس میں جائزہ لیا جاسکتا ہے کیونکہ حکومت کی جانب سے تلنگانہ میں این آر سی پر عمل نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا لیکن اگر ٹی آر ایس شہریت قوانین ترمیم بل کی تائید کرے تو اس کو لوک سبھا و راجیہ سبھا میں پاس کروانے کی راہ ہموار کرتی ہے تو پھر یہ نہیں کہا جا سکتا ہے کہ ٹی آر ایس سے این آر سی پر عمل نہیں کیا جائے گا کیونکہ جب ٹی آر ایس شہریت قوانین میں ترمیم کے سلسلہ میں بل منظور کروانے میں مدد کرے گی تو مقاصد کی تکمیل میں بھی اس کی مدد حاصل ہوگی۔ ذرائع کے مطابق کے سی آر پارلیمنٹ میں اختیار کی جانے والی حکمت عملی کے متعلق ارکان کو واقف کروائیں گے ۔