ٹی آر ایس کی آن لائن رکنیت سازی ، دو دن میں پچاس ہزار رکنیت کا نشانہ

   

مہم میں شدت پیدا کرنے ارکان اسمبلی ، منتخبہ نمائندہ اور قائدین کو ہدایت : کے ٹی آر
حیدرآباد۔8جولائی (سیاست نیوز) تلنگانہ راشٹر سمیتی نے آن لائن رکنیت سازی مہم شروع کرتے ہوئے آئندہ دو یوم کے دوران ہر حلقہ میں 50ہزار ارکان کا نشانہ مکمل کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور کہا جا رہاہے کہ رکنیت سازی مہم میں تیزی پیدا کرنے کیلئے ٹی آر ایس نے رکنیت سازی مہم آن لائن بھی شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔بتایاجاتا ہے کہ کارگذار صدر تلنگانہ راشٹر سمیتی مسٹر کے ٹی راما راؤ نے پارٹی قائدین اور ضلعی انچارجس سے رابطہ قائم کرتے ہوئے انہیں آن لائن رکنیت سازی مہم کو فروغ دینے کی تاکید کی ہے اور کہا کہ جو افراد آن لائن رکنیت ساز ی مہم میں حصہ لینا چاہتے ہیں وہ نہ صرف آن لائن تفصیلات درج کرواسکتے ہیں بلکہ انہیں آن لائن فیس بھی ادا کرنی ہوگی ۔ تلنگانہ راشٹر سمیتی رکنیت سازی مہم کی فیس عام رکن کیلئے 30 روپئے ہے جبکہ سرگرم کارکن کیلئے 100 روپئے فیس مقرر کی گئی ہے اور آن لائن رکنیت سازی کی درخواست داخل کرنے والوں پر لازمی ہے کہ وہ اپنی رکنیت کی فیس ڈیبیٹ کارڈ‘ فون ایپلیکیشن‘ یو پی آئی یا نیٹ بینکنگ کے ذریعہ اداکریں اور آن لائن درخواست پر کرنے والوں کو پاسپورٹ سائز فوٹو کے علاوہ دیگر درکار تفصیلات بھی آن لائن درج کرنی ہوگی۔مسٹر کے ٹی راما راؤ نے رکنیت سازی مہم کے دوران تمام ارکان اسمبلی اور دیگر منتخبہ نمائندوں کو ہدایت دی ہے کہ وہ اپنے علاقوں میں عوام کو پارٹی سے قریب کرنے کے اقدامات کو یقینی بنائیں اور عوام کو اس بات کی یقین دہانی کروائیں کہ ریاست تلنگانہ میں تلنگانہ راشٹر سمیتی ہی ان کی اپنی آواز ہے اور اس کا کوئی متبادل نہیں ہے۔ کارگذار صدر ٹی آر ایس نے کہا کہ ریاست کے تمام حلقہ جات اسمبلی میں جاری مہم میں شدت پیدا کرتے ہوئے 10جولائی تک رکنیت سازی مہم کو مکمل کرلیا جائے اور رکنیت سازی مہم کے اختتام کے ساتھ ہی ریاست میں حلقہ واری اور ضلع واری اساس پر کمیٹیوں کی تشکیل کے اقدامات کئے جائیں گے اور ان اقدامات کی عاجلانہ تکمیل کے فوری بعد تلنگانہ راشٹر سمیتی کی ریاستی کمیٹی اور تنظیمی امور کے سلسلہ میں چیف منسٹر و صدر تلنگانہ راشٹر سمیتی مسٹر کے چندر شیکھر راؤ قطعی فیصلہ کریں گے۔انہو ںنے بتایا کہ ریاست تلنگانہ میں دیگر سیاسی جماعتو ںکی جانب سے تلنگانہ راشٹر سمیتی کو نشانہ بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے اور ان کوششوں کو عوام خود ناکام بنا رہے ہیں اسی لئے ٹی آر ایس قائدین کو عوام کے درمیان رہتے ہوئے عوام کے مسائل سے آگہی اور ان کے حل کے سلسلہ میں اپنے نمائندوں کو واقف کروانا چاہئے ۔