پرانا شہر میں بونال جلوس کا پُرامن اختتام

   

حیدرآباد 29 جولائی (سیاست نیوز) پرانے شہر کے بونال جلوس کا آج رات پرامن طور پر اختتام عمل میں آیا۔ ریاست کرناٹک سے خصوصی طور پر لائے گئے ہاتھی کو اِس جلوس میں شامل کیا گیا۔ اکنا مادنا مندر اور لال دروازہ سے نکالے گئے بونال جلوس کے موقع پر پولیس نے سکیورٹی کے وسیع تر انتظامات کئے تھے اور سٹی پولیس کے اعلیٰ عہدیداروں کو پرانے شہر میں متعین کردیا گیا تھا۔ پولیس کمشنر حیدرآباد انجنی کمار کی راست نگرانی میں بونال جلوس بندوبست کیا گیا۔ آج سہ پہر 2 بجکر 45 منٹ پر اکنا مادنا مندر سے جلوس کا آغاز ہوا جو پرانے شہر کے مختلف علاقوں اشوک پلر، سدھا ٹاکیز، لال دروازہ، شاہ علی بنڈہ راجیش میڈیکل ہال، پستہ ہاؤز، مکہ مسجد، چارمینار، گلزار حوض، پتھرگٹی، مدینہ سرکل سے ہوتا ہوا نیاپُل پہونچ کر اختتام کو پہونچا۔ اِس موقع پر پولیس کی جانب سے سی سی ٹی وی کیمرے بھی نصب کئے گئے تھے۔ جلوس کے دوران تاریخی مکہ مسجد کا دروازہ بند رکھا گیا تھا ۔ باور کیا جاتا ہے کہ یہ حالیہ عرصہ میں اپنی نوعیت کا پہلا واقعہ ہے کیونکہ ماضی میں جلوس کے دوران بھی اس مسجد کے دروازے بدستور کھلے رکھے جاتے تھے ۔