پسماندہ طبقات کے تحفظات میں اضافہ کیلئے مرکز سنجیدہ

   

بی سی کمیشن کانفرنس، 2 گورنرس اور مرکزی وزیر کشن ریڈی کی شرکت

حیدرآباد۔/26 ستمبر، ( سیاست نیوز) مرکزی وزیر جی کشن ریڈی اور ہریانہ و تلنگانہ کے گورنرس بنڈارو دتاتریہ اور ٹی سوندرا راجن نے آج حیدرآباد میں قومی بی سی کمیشن کانفرنس میں شرکت کی۔ مرکزی وزیر کشن ریڈی نے کہا کہ بی سی طبقات کے تحفظات میں اضافہ کیلئے مرکزی حکومت مساعی کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی سی طبقات کے تحفظات پر ریاستوں کو مکمل اختیارات ہیں اور وہ تحفظات میں اضافہ کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بی سی کمیشن کو قانونی اختیارات دیئے جانے کیلئے بی سی طبقات کی جانب سے کئے جانے والے مطالبہ کو وزیر اعظم نریندر مودی کی تائید حاصل ہے۔ کشن ریڈی نے بتایا کہ نریندر مودی کابینہ میں پسماندہ طبقات کے 27 وزراء کو شامل کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت کمزور اور پسماندہ طبقات کی ہمہ جہتی ترقی کے حق میں ہے اور اس سلسلہ میں گزشتہ چھ برسوں کے دوران کئی اقدامات کئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ پسماندہ طبقات کو اپنے حقوق کیلئے جدوجہد کرنی چاہیئے۔ گورنر ہریانہ بنڈارو دتاتریہ نے کہا کہ سماج میں پسماندہ طبقات کو تعلیمی ترقی پر توجہ مرکوز کرنی چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے کئی فلاحی اسکیمات کا آغاز کیا گیا جن سے استفادہ کیا جاسکتا ہے۔ قومی بی سی کمیشن کے اجلاس میں قراردادیں منظور کرتے ہوئے مرکز اور ریاستی حکومتوں سے پسماندہ طبقات کیلئے خصوصی مراعات کا مطالبہ کیا گیا۔ر