پولیس کے سامنے ٹو وہیلر نذر آتش

   

حیدرآباد ۔ 4 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز ) : ڈرنک اینڈ ڈرائیو میں پولیس سے بحث و تکرارکے بعد ایک نوجوان نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے اپنی دو پہیوں کی گاڑی کو دیکھتے ہی دیکھتے سب کے سامنے آگ لگادی ۔ یہ واقعہ نامپلی میں اتوار کی شب پیش آیا جو تاخیر سے منظر عام پر آیا ۔ ڈرنک اینڈ ڈرائیو مہم کے دوران نامپلی ٹریفک پولیس کو عجیب و غریب صورتحال کا سامنا کرنا پڑا ۔ تفصیلات کے بموجب ٹریفک پولیس نے ریلوے اسٹیشن کے پاس ڈرنک اینڈ ڈرائیو جانچ کا اہتمام کیا ۔ ایکمینار چوراستہ سے نامپلی ریلوے اسٹیشن جانے والی ایک بائیک کو پولیس نے روکا ، ٹسٹ میں زیادہ مقدار میں شراب پینے کی تصدیق ہوگئی ۔ گاڑی چلانے والے نے اس مسئلہ پر پولیس سے بحث و تکرار کی اور غصہ میں اپنی جیب سے لائٹر نکال کر پولیس کے سامنے پٹرول ٹینک کا ڈھکن کھول کر گاڑی کو آگ لگادی ۔ پولیس اور مقامی افراد نے فوری حرکت میں آتے ہوئے پانی سے آگ بجھادی ۔ ٹریفک پولیس نے اس واقعہ پر کوئی کیس درج نہیں کیا جب کہ لا اینڈ آرڈر پولیس نے کہا کہ اس واقعہ کی ابھی تک کوئی شکایت وصول نہیں ہوئی ہے ۔۔ ن