یوتھ کانگریس اور مہیلا کانگریس کا احتجاج، اضافہ کیلئے کے سی آر برابر کے ذمہ دار
حیدرآباد۔2 ۔مارچ (سیاست نیوز) پکوان گیاس سلینڈر کی قیمت میں اضافہ کے خلاف کانگریس پارٹی نے آج احتجاج منظم کیا۔ مہیلا کانگریس اور یوتھ کانگریس کی جانب سے حیدرآباد اور دیگر اضلاع میں دھرنا منظم کرتے ہوئے مرکزی حکومت کی مخالف عوام پالیسیوں کی مذمت کی گئی ۔ صدر مہیلا کانگریس سنیتا راؤ کی قیادت میں چندرائن گٹہ چوراہے پر دھرنا منظم کیا گیا جبکہ مشیر آباد میں انڈین یوتھ کانگریس کے جنرل سکریٹری انیل کمار یادو نے دھرنا دیا۔ کانگریس قائدین نے الزام عائد کیا کہ گزشتہ 9 برسوں میں بی جے پی حکومت نے پکوان گیاس سلینڈر کی قیمت کو 400روپئے سے بڑھاکر 1200 روپئے کردیا ہے۔ اضافی قیمتوں سے دستبرداری کا مطالبہ کرتے ہوئے کانگریس قائدین نے کہا کہ کورونا وباء کے بعد سے عوام معاشی طور پر غیر مستحکم ہوچکے ہیں۔ ایسے میں مہنگائی میں مزید اضافہ ناقابل برداشت ہے۔ مہیلا کانگریس کارکنوں نے خالی گیاس سلینڈرس کے ساتھ احتجاج کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں پٹرول ، ڈیزل اور پکوان گیاس کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ سے دیگر ضروری اشیاء مہنگی ہوچکی ہے۔ سنیتا راؤ نے کہا کہ مرکز کی جانب سے قیمتوں میں کمی تک کانگریس جدوجہد کرے گی۔ احتجاج میں حیدرآباد مہلا کانگریس کی صدر تسنیم سلطانہ ، سکندرآباد کی صدر پی کویتا ، رما دیوی ، شہناز بیگم اور دوسروں نے حصہ لیا۔ اسی دوران خیریت آباد ضلع کانگریس کے صدر روہن ریڈی کی قیادت میں سوماجی گوڑہ ڈیویژن میں احتجاج منظم کیا گیا ۔ سابق وزیر پشپا لیلا نے گیاس سلینڈرس کی قیمتوں میں اضافہ پر تنقید کی اور موجودہ صورتحال کیلئے بی جے پی اور بی آر ایس کو ذمہ دار قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر نے پارلیمنٹ میں نریندر مودی حکومت کے ہر فیصلہ کی تائید کی ہے ، لہذا وہ قیمتوں میں اضافہ کی ذمہ داری سے بچ نہیں سکتے۔ر