چادرگھاٹ میں پولیس کا کارڈن سرچ، مشتبہ افراد کی پولیس حراست

   


گیاس سیلنڈرس، شراب کی بوتلیں، ملاوٹی تیل ضبط، غیر سماجی عناصر کی بھی نشاندہی
حیدرآباد : /6 نومبر (سیاست نیوز) ایسٹ زون پولیس نے چادر گھاٹ علاقہ میں اتوار کی صبح کی اولین ساعتوں میں کارڈن سرچ آپریشن کیا جس میں مشتبہ افراد کو حراست میں لینے کے علاوہ گاڑیاں ، شراب کی بوتلیں اور دیگر اشیاء ضبط کرلی گیئں ۔ ڈپٹی کمشنر پولیس ایسٹ زون سنیل دت کی زیرنگرانی 500 پولیس ملازمین پر مشتمل پولیس کی ٹیمیں چادر گھاٹ کے علاقہ پدمانگر کالونی میں اچانک کارڈن سرچ آپریشن کیا ۔ اس کارروائی میں پولیس نے 10 مشتبہ افراد بشمول ایک روڈی شیٹر کو حراست میں لیتے ہوئے 45 موٹر سائیکلیں جن کے دستاویزات موجود نہیں ہیں کو بھی ضبط کرلیا ۔ پولیس کی ٹیموں نے 7 گیاس سیلنڈرس کو بھی ضبط کیا ہے جو گھریلو پکوان گیس کو کمرشیل سیلنڈرس میں منتقل کرتے ہوئے اسے فروخت کررہے تھے ۔ اسی طرح ایک غیرقانونی طور پر شراب کی فروخت کے خلاف بھی کارروائی کی گئی اور ایک مکان سے 65 شراب کی بوتلیں ضبط کرلی گیئں ۔ کارڈن سرچ آپریشن کے دوران پولیس نے 75 کیلو ملاوٹی تیل بھی ضبط کیا جو مویشیوں کی چربی سے تیار کیا جارہا تھا ۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر پولیس ایسٹ زون سرینواس ریڈی نے کہا کہ عوام میں احساس تحفظ پیدا کرنے اور غیرقانونی سرگرمیوں کو روکنے کیلئے یہ آپریشن کیا گیا تھا جس میں غیرسماجی عناصر کی نشاندہی کرتے ہوئے انہیں حراست میں لیا گیا ۔