چارمینار پیدل راہرو پراجکٹ کے ترقیاتی کاموں میں پیشرفت

   

عنقریب گلزار حوض تا چارمینار ٹریفک آمد و رفت مسدود ، سیاحوں کی پیدل آمد و رفت میں سہولت
حیدرآباد۔25اپریل(سیاست نیوز) چارمینار پیدل راہرو پراجکٹ کے ترقیاتی کاموں کے سلسلہ میں مزید پیشرفت شروع کی جا چکی ہے اور آئندہ چند یوم کے دوران گلزار حوض سے چارمینار کی راہداری پر آہنی سلاخوں والا باب الداخلہ نصب کردیاجائے گا اور اس کے بعد کوئی بھی موٹر سیکل یا گاڑی چارمینار پیدل راہرو کے پراجکٹ کے حدود میں داخل نہیں ہوپائے گی۔ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی نگرانی میں انجام دیئے جارہے اس پراجکٹ کے متعلق سخت فیصلوں کو مختلف وجوہات بالخصوص انتخابات کے پیش نظر ملتوی کردیا گیا تھا اور اب جبکہ اسمبلی و پارلیمانی انتخابات مکمل ہوچکے ہیں تو اس کاروائی میں تیزی لانے کے اقدامات کئے جانے لگے ہیں اور گلرزار حوض کی جانب سے آہنی سلاخوں پر مشتمل باب الداخلہ نصب کرنے کے اقدامات کا آغاز کیا جاچکا ہے اور اس کے لئے گڑھے کھودے جا چکے ہیں ۔جی ایچ ایم سی کے عہدیدارو ںنے بتایا کہ حکومت کی جانب سے دی گئی ہدایات اور منصوبہ کے مطابق چارمینار کے چاروں سمت یہ باب الداخلہ نصب کئے جانے ہیں اسی لئے سب سے پہلے یہ کام گلزار حوض سمت سے شروع کیا گیا ہے اور اس کے بعد شاہ علی بنڈہ سے چارمینار کی سمت آنے والی سڑک پر موجود حدود کے تعین کے ساتھ وہاں بھی باب الداخلہ کی تنصیب کے اقدامات کئے جائیں گے۔ جی ایچ ایم سی کے عہدیداروں کی نگرانی میں تاریخی چارمینار کے اطراف موجود آہنی سلاخوں کے حدود کو قریب 12 فیٹ دور کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور اس سلسلہ میں چارمینار پیدل راہرو پراجکٹ کے سلسلہ میں بچھائے گئے پتھروں پر نشان بھی لگائے جا چکے ہیں کہ کہاں تک آہنی سلاخوں کی جالی نصب کی جائے گی۔ باوثوق ذرائع سے موصولہ اطلاعات کے مطابق آہنی جالی کے حدود میں داخلہ کے لئے سیاحوں کو ٹکٹ حاصل کرنا پڑے گا اور اس جالی کی تنصیب کے بعد چارمینار کے اطراف مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے جائیدادوں کے حصول کے اقدامات بھی شروع کردیئے جائیں گے ۔ بتایاجاتا ہے کہ ان اقدامات کی تکمیل کے لئے حکومت کے محکمہ بلدی نظم و نسق کی جانب سے جاریہ سال کے اوخر تک کی مہلت دی گئی ہے اور اس مہلت کے دوران تمام امور کی تکمیل کو یقینی بنانے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔ حصول جائیدادکے علاوہ چارمینار پیدل راہرو پراجکٹ کے سلسلہ میں کئے جانے والے اقدامات کو تیز کرنے اور چارمینار کے اطراف سرسبز و شاداب ماحول کی تیاری کی ہدایت دی گئی ہے۔ بلدی ذرائع کے مطابق ماہ رمضان المبارک کے دوران چارمینار پیدل راہرو پراجکٹ کے حدود میں ٹھیلہ بنڈی رانوں کو اجازت کی فراہمی کے سلسلہ میں کوئی باضابطہ احکامات کی اجرائی عمل میں لانے کا منصوبہ نہیں ہے کیونکہ ایسا کرنا قوانین کی خلاف ورزی ہوگا اسی لئے چارمینار پیدل راہرو پراجکٹ کی تکمیل کے سلسلہ میں اقدامات کو تیز کیا جا رہاہے اور حدود میں موجود تجارتی اداروں کو بھی اس بات کا پابند بنانے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں تاکہ پراجکٹ کی خوبصورتی کو یقینی بنایا جائے۔عدالت میں جاری مقدمہ کے سلسلہ میں بلدی عہدیداروں نے بتایا کہ عدالت کے فیصلہ کے مطابق ہی جی ایچ ا یم سی کی جانب سے ترقیاتی کاموں کو جاری رکھا جائے گا اور عدالتی فیصلہ کی کوئی خلاف ورزی نہیں کی جائے گی اور ترقیاتی کاموں کو تیز کرتے ہوئے انہیں جلد از جلد ختم کرنے کے اقدامات کئے جائیں گے۔