چاند نظر نہیں آیا مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اعلان

   

حیدرآباد۔/27 نومبر، ( پریس نوٹ ) مرکزی رویت ہلال کمیٹی صدر مجلس علماء دکن کا ماہانہ اجلاس بضمن رویت ہلال ماہ ربیع الآخر 1441ھ زیر نگرانی حضرت مولانا سید محمد قبول بادشاہ قادری الشطاری آج شام حسینی بلڈنگ معظم جاہی مارکٹ میں منعقد ہوا۔ شہر میں چاند نظر نہیں آیا۔ رویت ہلال کمیٹی گلبرگہ شریف، اودگیر، چنائی، سورت (گجرات )، دہلی، لکھنؤ، بھوپال، پھلواڑی شریف ( پٹنہ )، کلکتہ اور ممبئی سے مطلع صاف ہونے کے باوجود چاند نظر نہیں آنے کی اطلاعات ملیں۔ اطلاع ملی کہ کڑپہ اور بنگلور میں مطلع ابر آلود تھا اور چاند نظر نہیں آیا۔ لہذا تحت احکام شرعیہ مرکزی رویت ہلال کمیٹی صدر مجلس علماء دکن اعلان کرتی ہے کہ بتاریخ 28 نومبر 2019ء بروز جمعرات ماہ ربیع المنور 1441 ھ کی 30 تاریخ ہوگی۔ اس اجلاس میں حضرت مولانا سید محمد قبول بادشاہ قادری الشطاری، حضرت مولانا مفتی محمد عظیم الدین، حضرت مولانا مفتی خلیل احمد، حضرت مولانا سید کاظم پاشاہ قادری الموسوی، حضرت مولانا سید حسن ابراہیم حسینی سجاد پاشاہ قادری، حضرت مولانا سید محمود بادشاہ قادری زرین کلاہ ، حضرت مولانا سید اولیاء حسینی مرتضی پاشاہ قادری اور جناب قاضی سید نور اللہ فاروق عارفی نے شرکت کی۔

شیعہ علماء و ذاکرین کا بیان
٭ جناب سید علی اصغر جعفری کی اطلاع کے مطابق کُل ہند شیعہ مجلس علماء و ذاکرین نے اعلان کیا ہے کہ شہر حیدرآباد میں چاند نظر نہیں آیا اور نہ ہی کہیں سے رویت ثابت ہوئی۔ لہذا 28 نومبر پنجشنبہ کو 30 ربیع الاول ہوگی اور نومبر 29 جمعہ کو یکم ربیع الثانی ہوگی۔ اس کی تصدیق مولانا سید نبی حسن زیدی، مولانا ڈاکٹر سید نثار حسین حیدر آقا، مولانا رضا عباس ، مولانا سید ظفریاب حیدر، مولانا سید جلال حیدر، مولانا عسکری علی خاں اور مولانا سید جواد عابدی نے کی ہے۔