چندرا بابو کا آج دورہ دہلی ، قومی قائدین سے ملاقات متوقع

   

حیدرآباد۔/13مارچ، ( سیاست نیوز) قومی صدر تلگودیشم پارٹی و نگرانکار چیف منسٹر آندھرا پردیش این چندرا بابو نائیڈوریاست کے مجوزہ اسمبلی و لوک سبھا انتخابات کے سلسلہ میں توقع ہے کہ 16 مارچ سے تلگودیشم پارٹی امیدواروں کیلئے اپنی انتخابی مہم کا آغاز کریں گے۔ پارٹی ذرائع نے یہ بات کہی اور بتایا کہ انتخابی مہم کا آغاز کرنے سے قبل 14 مارچ کو چندرا بابو کے دورہ دہلی کا قوی امکان ہے۔ دورہ دہلی کے موقع پر چندرا بابو بعض قومی سیاسی قائدین سے ملاقات کرکے وی وی پیاٹ سلپس کی گنتی کے مسئلہ پر سپریم کورٹ میں دائر کردہ درخوسات کے مسئلہ پر تفصیلی تبادلہ خیال کریں گے۔ سمجھا جاتا ہے کہ چندرا بابو نائیڈو قومی قائدین راہول گاندھی، ممتا بنرجی، کجریوال و دیگر قائدین کے ہمراہ سپریم کورٹ میں 15 مارچ کو ہونے والی سماعت کے موقع پر سپریم کورٹ میں موجود رہیں گے۔ بعد ازاں دورہ دہلی سے واپسی کے فوری بعد مسٹر چندر ا بابو انتخابی مہم شروع کرنے کے بعد اسی روز سریکا کولم کا بھی دورہ کریں گے۔17 مارچ کو وجیا نگرم ، وشاکھاپٹنم اور گوداوری اضلاع میں منظم کی جانے والی انتخابی مہم میں حصہ لیں گے۔