چنگی چرلہ فساد : جمعیتہ علماء اُپل کی جانب سے متاثرین کو امداد

   

حیدرآباد ۔ 3 ۔ اپریل : ( راست ) : حافظ سید عمر شفیع صدر جمعیۃ علماء حلقہ اسمبلی اُپل و صدر مسجد محمدیہ اُپل نے اپنے ایک صحافتی بیان میں بتایا کہ علاقہ اُپل کے چنگی چرلہ میں مسجد بلال کے پاس26 مارچ کو چھوٹے سے واقعہ کو بنیاد بنا کر فرقہ وارانہ رنگ دینے کی کوشش کی گئی اس کے بعد مقامی18 مسلم نو جوانوں پر سخت ترین دفعات کے تحت مقدمات درج کئے گئے اور ان میں کئی نوجوانوں کو جیل بھیج دیا گیا یہ تمام مقامی مسلم نوجوان روزانہ کام کر کے اپنے خاندانوں کی پرورش کرنے والے ہیں، مقامی مسلمان خاندان بہت زیادہ پریشان ہوگئے اوریہ تمام مسلم خاندان ڈرے اور سہمے ہوئے ہیںاور کئی مسلم خاندان نقل مکانی کر چکے ہیں اور مقامی مسلمانوں کو معاشی طور پر شدید نقصان ہوا ہے۔مولانا سید عمر شفیع صدر جمعیۃ علماء حلقہ اُپل نے ان تمام واقعات کی تفصیلات جمعیۃ علماء تلنگانہ و آندھرا کے صدر مولانا حافظ پیر شبیر احمد اور جنرل سکریٹری حافظ پیر خلیق احمد صابر کے علم میں لائی، انہوں نے اس واقعہ پر افسوس کا اظہار کیا اور تیقن دیا کہ ریاستی جمعیۃ علماء جنگی چرلہ کے مسلمانوں کے تحفظ کے لئے ہر ممکنہ اقدامات کرے گی ۔ متاثرین کی فوری طور پر ایک مہینے کے لیے چاول اور راشن کے ذریعے امداد کی گئی اور مزید امداد کے لئے کوششیں جاری ہیں۔ان امدادی سرگرمیوں میں جمعیۃ علماء حلقہ اُپل کی ٹیم اور دیگر حضرات شریک رہے۔