حیدرآباد11 ستمبر (سیاست نیوز) ڈاکٹر محمد صفی اللہ جنہیں محکمہ اقلیتی بہبود نے ڈائرکٹر سیکریٹری تلنگانہ اردو اکیڈیمی کے عہدہ کی ذمہ داری تفویض کی ہے نے آج اپنی ذمہ داریوں کا جائزہ لے لیا۔ اردو اکیڈیمی ڈائرکٹرسیکریٹری کا جائزہ لینے کے بعد انہوںنے اکیڈیمی کی سرگرمیوں کے متعلق آگہی حاصل کی۔ 31 اگسٹ کو سجاد علی کی وظیفہ پر سبکدوشی کے بعد سے اکیڈیمی کے ڈائرکٹر سیکریٹری کا عہدہ مخلوعہ تھا۔سجاد علی نے اردواکیڈیمی میں 15یوم کی معیاد کے دوران 19 آؤٹ سورسنگ اور کنٹراکٹ ملازمین کی خدمات کو غیر قانونی طور پر باقاعدہ بناکر تنخواہوں کی اجرائی کی تھی جس کی تحقیقات جاری ہیں۔ ذرائع کے مطابق اعلیٰ حکام نے ڈائرکٹر سیکریٹری تلنگانہ اردو اکیڈیمی ڈاکٹر محمد صفی اللہ کو بھی تفصیلات حاصل کرکے تحقیقاتی عہدیدار کی اعانت کی ہدایت دی ۔ بتایاجاتا ہے کہ ڈاکٹر محمد صفی اللہ نے جن ملازمین کی خدمات کو باقاعدہ بنایاگیا ان کی تفصیلات طلب کی ہیں ۔ اردواکیڈیمی کے ایک مخفی کھاتہ کی بھی تفصیلات طلب کی ہیں۔3