ڈھاکہ سلم بستی میں مہیب آتشزدگی ‘ 10 ہزار بے گھر

,

   

ڈھاکہ 18 اگسٹ ( سیاست ڈاٹ کام ) بنگلہ دیشی دارالحکومت کے ایک پرہجوم سلم علاقہ میں آگ لگنے کا واقعہ پیش آیا جس میں کم از کم 10 ہزار افراد بے گھر ہوگئے ہیں۔ آگ لگنے کے واقعہ میں ہزاروں جھونپڑیاں خاکستر ہوگئیں۔ عہدیداروں نے یہ بات بتائی ۔ کہا گیا ہے کہ آگ ڈھاکہ کے میر پور علاقہ میں جمعہ کی رات دیر گئے لگی تھی جس کے نتیجہ میں کم از کم 2,000 جھونپڑیاں خاکستر ہوگئی ہیں۔ فائر سرویس کے عہدیدار ارشاد حسین نے یہ بات بتائی ۔ ایک مقامی شخص عبدالحمید نے بتایا کہ آگ اس قدر بھیانک تھی کہ جھونپڑیوں میں ایک بھی چیز باقی نہیں بچی ہے ۔ وہ نہیں جانتے کہ انہیں کیا کچھ کرنا چاہئے ۔ وہ ایک ٹی اسٹال چلاتے تھے ۔ حکام نے کئی گھنٹوں کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پالیا ہے اور اس میں کسی کے ہلاک ہونے کی کوئی اطلاع نہیں ہے ۔ فائر بریگیڈ کے عہدیداروں نے بتایا کہ درجنوں افراد کو معمولی زخم آئے ہیں۔ اس بستی میں بیشتر کم آمدنی والے کپڑوں کی فیکٹری کے ملازمین مقیم تھے اور وہ آگ لگنے کے وقت پر اپنے گھروں میں نہیں تھے اور وہ اپنے افراد خاندان کے ساتھ عیدالاضحی کی تعطیلات منانے گئے ہوئے تھے ۔ مقامی پولیس سربراہ غلام ربانی کا کہنا تھا کہ اگر لوگ یہاں ہوتے تو جانی نقصان بہت زبردست ہوتا ۔