کانگریس کی انتخابی تیاریاں عروج پر، اسکریننگ کمیٹی کا ہنگامی اجلاس

   

18 تا 25 اگست خواہشمندوں سے درخواستوں کی وصولی ، ستمبر کے آخری ہفتہ میں پہلی فہرست متوقع

حیدرآباد /15 اگست ( سیاست نیوز ) تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی نے انتخابی تیاریوں میں شدت پیدا کردی ہے ۔ کامیاب ہونے والے طاقتور امیدواروں کا انتخابات کرنے کیلئے رہنمایانہ خطوط جاری کرنے پر خصوصی توجہ مرکوز کردی گئی ہے ۔اس سلسلہ میں گاندھی بھون میں اسکریننگ کمیٹی کے صدرنشین مرلیدھرن کی قیادت میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا ہے۔ جس میں بابا صدیقی ، جگنیش میوانی کے علاوہ ریاست کے سینئیر قائدین نے شرکت کی ۔ اجلاس میں مختلف امور کا جائزہ لینے کے بعد 18 تا 25 اگست تک انتخابات میں مقابلہ کرنے کے خواہشمند امیدواروں سے درخواستیں قبول کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ درخواستوں کی وصولی سے متعلق رہنمایانہ خطوط بھی جاری کئے گئے ہیں ۔ پی سی سی انتخابی رابطہ کمیٹی کے صدرنشین دامودھر راج نرسمہا ، اے آئی سی سی سکریٹری روہت چودھری ، ٹی پی سی سی کے صدرورکنگ کمیٹی مہیش کمار گوڑ پر مشتمل ایک سب کمیٹی تشکیل دی گئی ہے ۔ درخواست فیس کیلئے کئی تجاویز وصول ہو ئیں مگر قطعی فیصلہ سب کمیٹی پر چھوڑ دیا گیا ہے ۔ درخواستوں کی وصولی کے بعد ستمبر کے پہلے ہفتہ میں ایک اور اجلاس منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ساتھ ہی ستمبر کے تیسرے ہفتہ تک امیدواروں کی پہلی فہرست کو قطعیت دینے سے بھی اتفاق کیا گیا ہے ۔ مقابلہ کرنے کے خواہشمند قائدین کے تجربہ اور خدمات کا جائزہ لیا جائے گا ۔ ان کی چار سالہ خدمات کی تفصیلات حاصل کی جائیں گی ۔ پارلیمنٹ حلقہ میں کم از کم 2 بی سی امیدواروں کو ٹکٹ دینے پر غور کیا گیا ساتھ ہی ٹکٹوں کی تقسیم میں سماجی انصاف کرنے سے بھی اتفاق کیا گیا ۔ ٹکٹوں کی تقسیم میں سروے کے علاوہ دیگر امور کا بھی جائزہ لیتے ہوئے کامیاب ہونے والے طاقتور قائدین کو انتخابی میدان میں اتارنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ اس کے علاوہ پارٹی کی طرف سے بڑے پیماے پر انتخابی مہم چلانے سونیا گاندھی ، راہول گاندھی ، پرینکا گاندھی ، ملک ارجن کھرگے علاوہ دیگر سنئیر قائدین کی خدمات سے بھرپور استفادہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ ن