کرناٹک اسمبلی انتخابات میں کانگریس کی جیت پر کانگریس لیڈر کمل ناتھ نے دیا بیان، بولے” کرناٹک میں کانگریس کو بجرنگ بلی کا آشرواد ملا ہے

,

   

بھوپال:کرناٹک اسمبلی انتخابات میں کانگریس پارٹی کی بڑی کامیابی پر مدھیہ پردیش کے تمام اضلاع کے ساتھ راجدھانی بھوپال میں جشن منایا گیا۔ راجدھانی بھوپال میں کانگریس ہیڈکوارٹر پر ایم پی پی سی سی چیف کمل ناتھ کی موجودگی میں کانگریس کارکنان نے آتش بازی کرتے ہوئے ڈھول نگاڑا بجاکر کرناٹک میں پارٹی کی جیت کا جشن منایا۔ کرناٹک میں کانگریس کی بڑی جیت سے مدھیہ پردیش میں کانگریس کے حوصلے بلند ہوگئے ہیں وہیں مدھیہ پردیش بی جے پی کے ذریعہ انیس مئی کو بھوپال میں بی جے پی بڑی میٹنگ بلائی گئی ہے۔
سابق وزیر اعلی و مدھیہ پردیش کانگریس کے صدر کمل ناتھ نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کرناٹک میں کانگریس کو بجرنگ بلی کا آشرواد ملا ہے ،ایم پی میں بھی ملے گا۔کرناٹک دیش کی آئی ٹی ہب ہے،دانشوروں کا شہر ہے اور یہ جیت کانگریس کارکنان کی جیت ہے۔ اسمبلی کی جتنی سیٹ ہیں اس کی آدھی بھی بی جے پی نہیں جیت پائی۔شیوراج سنگھ نے آٹھ ضلعوں میں انتخابی تشہیر میں حصہ لیا تھا جس میں سے چھ پر بی جے پی کی شکست فاش ہوئی ہے۔ کرناٹک میں بی جے پی کا جو حال ہوا ہے وہ ایم پی میں بھی ہونے والا ہے۔مودی جی نے پوری طاقت لگائی،پندرہ کلومیٹر کا روڈ شو کیا ،چھوٹے چھوٹے نکڑ ناٹک کئے لیکن کرناٹک کے عوام نے منھ توڑ جواب دیا ہے۔