خاندان کو خطرہ کے پیش نظر مکان کے قریب پویس پکٹ
حیدرآباد۔27۔اگسٹ(سیاست نیوز) ریاست بھر میں موضوع بحث بنے ہوئے مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے شعبہ ’حیڈرا‘ کے کمشنر مسٹر اے وی رنگاناتھ اور ان کے مکان کی سیکیوریٹی میں اضافہ کردیاگیا ہے۔ اس ادارہ کے قیام کے بعد سے کی جانے والی کاروائیوں کے بعد کمشنر ’حیڈرا‘ کی سیکیوریٹی میں اضافہ کے اقدامات کئے گئے ہیں اور کہا جار ہاہے کہ انہیں اور ان کے خاندان کو لاحق خطرات میں ہونے والے اضافہ کے پیش نظر سیکیوریٹی میں اضافہ کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ بتایاجاتا ہے کہ مسٹر اے وی رنگاناتھ کے مکان واقع مدھورا نگر میں پولیس پکٹ تعینات کرنے کے علاوہ ان کے سیکیوریٹی اہلکاروں کی تعداد میں اضافہ کیا جاچکا ہے۔ بتایاجاتا ہے کہ سرکردہ سیاسی قائدین کی جائیدادوں کے انہدام اور ان کے فہرست میں شامل جائیدادوں کے مالکین کے اثر و رسوخ کو دیکھتے ہوئے سیکیوریٹی ایجنسیوں نے اے وی رنگاناتھ کی سیکیوریٹی میں اضافہ کا فیصلہ کیا ہے۔ بتایاجاتا ہے کہ اہم شخصیات بالخصوص سیاستدانوں کی جائیدادوں کو منہدم کرنے کی کاروائیوں کے بعد کمشنر ’حیڈرا‘ کے لئے موجود حفاظتی انتظامات میں اضافہ کا فیصلہ کرتے ہوئے انہیں دیگر عہدیداروں کے مقابلہ زیادہ سیکیوریٹی فراہم کرنے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔3