کڑپہ رکن پارلیمنٹ سے سی بی آئی کی تیسری مرتبہ پوچھ تاچھ

   

حیدرآباد۔10۔مارچ (سیاست نیوز) سی بی آئی نے آج تیسری مرتبہ کڑپہ کے رکن پارلیمنٹ اویناش ریڈی سے سابق وزیر وائی ایس ویویکانند ریڈی قتل معاملہ میں پوچھ تاچھ کی ۔ حیدرآباد میں سی بی آئی عہدیداروں نے چار گھنٹوں سے زائد تک اویناش ریڈی سے مختلف امور پر سوالات کئے۔ پوچھ تاچھ کی تکمیل کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے رکن پارلیمنٹ نے کہا کہ سی بی آئی عہدیداروں نے انہیں دوبارہ طلب کئے جانے پر حاضر ہونے کی ہدایت دی ہے۔ اویناش ریڈی نے کہا کہ پوچھ تاچھ کی آڈیو اور ویڈیو ریکارڈنگ کے بارے میں دو تین مرتبہ کہنے کے باوجود سی بی آئی نے کوئی پیشرفت نہیں کی جس کے نتیجہ میں ہائی کورٹ سے رجوع ہونا پڑا۔ انہوں نے کہا کہ کیس کے پس پردہ سیاسی سازش ہے ۔ میں کارکنوں کو یقین دلاتا ہوں کہ میں نے کوئی غلطی نہیں کی ہے ۔ انہوں نے عدالت کی کارروائی سے لاعلمی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہاکہ سی بی آئی اس مقدمہ میں اہم امور کو فراموش کرتے ہوئے معمولی باتوں پر توجہ دے رہی ہے۔ انہوں نے لوک سبھا ٹکٹ کیلئے ویویکانند ریڈی کے قتل سے متعلق الزامات کو مسترد کردیا۔ر