گانجہ، موٹر کاریں اور رقم ضبط، چار افراد گرفتار
حیدرآباد ۔ 26 فبروری (سیاست نیوز) اسپیشل آپریشن ٹیم ایل بی نگر زون نے بین ریاستی گانجہ منتقلی کے ایک ریاکٹ کو بے نقاب کرتے ہوئے 4 افراد کو گرفتار کرلیا اور ان کے قبضہ سے 80 کیلو گانجہ، 2 کاریں، 4 موبائیل فونس اور 2,500 روپئے نقد رقم کل مالیتی 32,52,500 روپئے مالیتی اشیاء کو ضبط کرلیا۔ ڈپٹی کمشنر پولیس ایل بی نگر زون مسٹر سنپریت سنگھ نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ ایس او ٹی ایل بی نگر اور عبداللہ پور پولیس نے مشترکہ کارروائی میں اس ریاکٹ کو بے نقاب کردیا۔ انہوں نے بتایا کہ 25 سالہ مکیش، 23 سالہ سی سرینواس ساکن سرگاپور، 22 سالہ راتھوڑ نوین ساکن خانہ پور اور 22 سالہ وی انیل ساکن الہ درگ منڈل متوطن سنگاریڈی ضلع کو گرفتار کرلیا جبکہ 26 سالہ روی ماروتی ساکن سرگاپور سنگاریڈی، رمیش اور کامیش ساکنان وشاکھاپٹنم مفرور ہیں۔ پولیس عنقریب ان تینوں مفرور افراد کو گرفتار کرلے گی۔ ڈی سی پی ایل بی نگر زون نے بتایا کہ سال 2021ء میں مکیش، سرینواس، ماروتی، نوین اور انیل تفریح کیلئے وشاکھاپٹنم کے آراکوگئے تھے جہاں ان کی ملاقات رمیش اور کامیش سے ہوئی تھی۔ رمیش اور کامیش دونوں گانجہ سربراہ کرتے ہیں۔ ان دونوں نے مکیش اور اس کے ساتھیوں کو گانجہ فروخت کرنے کی پیشکش کی اور گانجہ بڑی مقدار میں سپلائی کرنے کا بھروسہ دلایا۔ ان دونوں ٹولیوں کے درمیان معاہدہ کے مطابق 18 فبروری کو یہ 5 افراد آراکو کیلئے روانہ ہوئے جو دو کاروں میں سوار تھے۔ اس ٹولی نے 2 ہزار روپئے فی کیلو گانجہ خرید کر 40 ہزار روپئے فی کیلو فروخت کرنے کا منصوبہ بنایا تھا اور گانجہ لیکر حیدرآباد آرہے تھے۔ ماروتی درمیان میں ہی گاڑی سے اتر گیا۔ خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے پولیس عبداللہ پور میٹ کے ساتھ ایس او ٹی نے تعاون کیا اور اس ٹولی کو گرفتار کرلیا۔ ڈی سی پی نے کارروائی میں حصہ لینے والے پولیس ملازمین اور عہدیداروں کی ستائش کی۔ع