گرمی کا قہر ‘ بہار میں24 گھنٹوں میں مزید 29 لوگ فوت ‘ جملہ تعداد 78 تک جا پہونچی

   

پٹنہ 17 جون ( سیاست ڈاٹ کام ) بہار میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران گرمی کی لہر کے نتیجہ میں مزید 29 لوگ فوت ہوگئے ۔ اس طرح گذشتہ دو دن میں گرمی کی لہر سے مرنے والوں کی تعداد 78 تک جا پہونچی ہے ۔ ایک عہدیدار نے یہ بات بتائی ۔ تاہم غیر سرکاری طور پر کہا جا رہا ہے کہ ریاست کے تقریبا 12 اضلاع میںشدت کی گرمی کی وجہ سے 150 لوگ فوت ہوچکے ہیں۔ کہا گیا ہے کہ اورنگ آباد ‘ گیا ‘ نیواڈا اور جموئی اضلاع سے اموات کی اطلاعات ملی ہیں جہاں 15 اور 16 جون کو درجہ حرارت 45 ڈگری سلسئیس تک پہونچ گیا تھا ۔ ریاستی ڈیزاسٹر مینجمنٹ ویب سائیٹ کے مطابق پیر کو دن میں گیارہ بجے تک 78 افراد فوت ہوگئے تھے ۔ ان میں اورنگ آباد میں 33 ‘ گیا میں 31 نیواڈا میں 12 اور جموئی میں دو اموات شامل ہیں۔ اڈیشنل ہیلت ڈائرکٹر مگدھ رینج ڈاکٹر وجئے کمار نے کہا کہ تقریبا 150 افراد کو گیا ‘ اورنگ آباد اور نیواڈا کے دواخانوں میں شریک کیا گیا ہے جبکہ درجنوں افراد کا پرائمری ہیلت مراکز میں علاج چل رہا ہے ۔ چیف منسٹر نتیش کمار نے اموات پر افسوس کا اظہار کیا ہے اور لواحقین کیلئے ایکس گریشیا کا اعلان کیا ہے ۔