گریٹر حیدرآباد میں کانگریس کو مستحکم کرنے بوتھ سطح پر توجہ دی جائے

   

شہر کے قائدین کے ساتھ دیپا داس منشی کا اجلاس،لال بہادر اسٹیڈیم کے اجلاس میں شرکت کی اپیل
حیدرآباد۔/24 جنوری، ( سیاست نیوز) تلنگانہ امور کی اے آئی سی سی انچارج دیپا داس منشی نے گریٹر حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے پارٹی صدور اور اسمبلی چناؤ میں مقابلہ کرنے والے امیدواروں کے ساتھ اجلاس منعقد کرتے ہوئے پارٹی کے موقف کو مستحکم بنانے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ گریٹر حیدرآباد میں کانگریس کی عظمت رفتہ بحال کرنے کی ضرورت ہے جس کی ذمہ داری ضلع صدور اور حالیہ اسمبلی چناؤ کے شکست خوردہ امیدواروں پر عائد ہوتی ہے۔ بوتھ سطح پر کانگریس پارٹی کو مستحکم کرنے پر توجہ دی جائے۔ اے آئی سی سی سکریٹریز روہت چودھری، منصور علی خاں، ورکنگ پریسیڈنٹ مہیش کمار گوڑ، حیدرآباد کانگریس کمیٹی کے صدر سمیر ولی اللہ، خیریت آباد ضلع کانگریس کے صدر روہن ریڈی، سابق رکن پارلیمنٹ انجن کمار یادو، امیدوار نامپلی محمد فیروز خاں، امیدوار ملک پیٹ شیخ اکبر اور دوسروں نے شرکت کی۔ دیپا داس منشی نے لال بہادر اسٹیڈیم میں کل ریاست بھر کے بوتھ سطح کے ایجنٹس کے اجلاس میں ہر اسمبلی حلقہ سے بوتھ ایجنٹس کی شرکت کو یقینی بنانے کا مشورہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ ریاست بھر میں 32 ہزار سے زائد پولنگ بوتھس ہیں اور ہر پولنگ بوتھ کے انچارج اور ایجنٹس اجلاس میں شرکت کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ صدر کانگریس ملکارجن کھرگے حیدرآباد سے لوک سبھا چناؤ کی انتخابی مہم کا آغاز کریں گے اور کارکنوں کو انتخابی حکمت عملی کے بارے میں ضروری مشوروں سے نوازیں گے۔ گریٹر حیدرآباد کے تمام اسمبلی حلقہ جات سے بوتھ ایجنٹس کی شرکت کو یقینی بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔ مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ گریٹر حیدرآباد کے اسمبلی حلقوں میں کانگریس کا موقف مستحکم ہے اور قائدین کی ذمہ داری ہے کہ کارکنوں کا حوصلہ بلند کرتے ہوئے متحرک کریں۔ عوام کو حکومت کی 6 ضمانتوں کے فوائد سے واقف کرایا جائے۔ 1