گورنر سے چیف منسٹر کے سی آر کی ملاقات

   

اسمبلی کے خصوصی سیشن میں میونسپل قانون بل کی پیشکشی کی ستائش
حیدرآباد۔ 18 جولائی (سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے آج راج بھون پہنچ کر گورنر ای ایس ایل نرسمہن سے ملاقات کی۔ گورنر نے دو روزہ اسمبلی کے خصوصی سیشن میں میونسپل قانون اور دیگر بلوں کی پیشکشی اور منظوری پر ستائش کی۔ چیف منسٹر نے ایوان کی کارروائی جمعہ تک ملتوی ہونے کے فوری بعد راج بھون پہنچ کر گورنر سے ملاقات کی اور ان کے ساتھ میونسپل قانون ترمیمی بل اور دیگر کئی اُمور پر تبادلہ خیال کیا۔ ایوان اسمبلی میں جن بلوں کو منظوری دی گئی ان میں پنچایت راج ترمیمی بل، چیرمین برائے قرض راحت کمیشن کے تقرر کا بل، میڈیکل کالجوں میں پروفیسرس کی وظیفہ حد عمر بڑھانے کا بل اور دیگر موضوعات پر بات چیت کی۔ چیف منسٹر کے سی آر نے گورنر نرسمہن سے ایک ایسے وقت ملاقات کی جب مرکز نے ریاست آندھرا پردیش کیلئے ایک علیحدہ گورنر کا تقرر عمل میں لایا ہے۔ چیف منسٹر نے گورنر کے ساتھ ریاست کی تقسیم کے مسائل، کالیشورم لفٹ پراجیکٹ اور گوداوری کے پانی کی تقسیم پر بھی بات چیت کی۔