گچی باؤلی میں خاتون کی مشتبہ موت

   

حیدرآباد ۔ 18 ۔ مئی (سیاست نیوز) گچی باؤلی کے علاقہ میں ایک خاتون کی مشتبہ موت کا واقعہ پیش آیا ۔ پیشہ سے سافٹ ویر ملازمہ 43 سالہ اندرامنی جو ایک لیڈیز ہاسٹل میں رہتی تھی ، مشتبہ طور پر فوت ہوگئی ۔ گچی باولی پولیس کے مطابق اندرامنی لاک ڈاؤن کے دوران ورک فرم ہوم کی طرز پر لیڈیز ہاسٹل سے کام کر رہی تھی ، یہ خاتون سافٹ ویر ملازمین کو تربیت دیا کرتی تھی اور کمپنی میں مینجر کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہی تھی ۔ اندرامتی کی جس کمرے میں مشتبہ موت ہوئی وہ کمرہ اندر سے بند تھا ۔ یہ خاتون گیتا ویمن اینڈ بی پی ہاسٹل خواجہ گوڑہ میں رہتی تھی ۔ یہ خاتون شوہر سے علحدگی اختیار کرچکی تھی اور ایک 14 سالہ لڑکا بھی ہے ۔ پولیس نے شبہ ظاہر کیا ہے کہ اندرامتی خرابی صحت کے باعث فوت ہوئی ہوگی ۔ چونکہ اس خاتون کو اکثر فیٹس آتے تھے اور یہ ذیابطیس کا بھی شکار تھی ۔ گچی باؤلی پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے ۔