نئی دہلی23ستمبر (سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستان اور متحدہ عرب امارات نے آپسی سرمایہ کاری اور تجارت میں اضافہ کرنے کے تئیں اپنے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ممالک آپسی رابطہ اور تجارت کے مطابق ماحول بنانے پر زور دیں گے ۔مرکزی وزیر صنعت وتجارت پیوش گوئل اور متحدہ عرب امارات کے شہزادے شیخ حماد بن زائد النہیان کی مشترکہ صدارت میں ہندوستان۔متحدہ عرب امارات سرمایہ کاری اعلی سطحی فورس کی ساتویں میٹنگ کے بعد کل دیر رات ایک مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ آپسی سرمایہ کاری اور تجارت سے متعلق مسائل کے حل کے لئے زور دیں گے ۔میٹنگ میں دونوں فریقوں کے درمیان تجارت اورسرمایہ کاری کی پیش رفت پر تفصیل سے بات چیت ہوئی۔ میٹنگ میں دونوں ممالک کے سینئر افسران نے بھی حصہ لیا۔ دونوں ممالک کے درمیان 2017 میں جامع اسٹریٹجک شراکت داری کا معاہدہ کے نفاذ کے بعد ٹاسک فورس کی تشکیل دونوں ممالک کے معاشی تعلقات کو مضبوطی فراہم کرنے کے لئے کیا گیا ہے ۔ٹاسک فورس کی ساتویں میٹنگ کے دوران دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبوں کی شناخت کی گئی۔ دونوں فریقوں کے درمیان ہوائی خدمات سے متعلق رکاوٹوں پر ہندوستانی فریق نے مثبت غوروفکر کی یقین دہانی کرائی ہے ۔دونوں فریقوں کے درمیان اعتماد سازی کے لئے دوطرفہ عدالتی تعاون پر زور دیا جس سے کاروباری معاملوں کو فوری سے حل کیا جاسکے ۔ میٹنگ میں ہندوستانی بینکنگ شعبہ، پراپرٹی منیجمنٹ اور ٹکنالوجی کمپنیوں میں سرمایہ کاری پر ٖغوروفکر کیا گیا۔ یہ مشترکہ بیان پیر کو یہاں جاری کیا گیا۔