چیف منسٹر کا جائزہ اجلاس ، مارکٹ و کمپنیوں کے ضرورت کے مطابق نصاب تیار کرنے کی ہدایت
حیدرآباد ۔ 21 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : چیف منسٹر ریونت ریڈی نے آئی ٹی آئیز کو اڈوانسڈ ٹکنالوجی سنٹرس میں تبدیل کرنے کا اعلان کیا ۔ مارکٹ اور کمپنیوں کے ضروریات کے مطابق نصاب کی تبدیلی کیلئے کمیٹی تشکیل دے کر ماہرین اور تعلیم یافتہ افراد سے تجاویز حاصل کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ چیف منسٹر نے آج محکمہ لیبر کا اجلاس طلب کیا ۔ آئی ٹی آئی کو اڈوانسڈ ٹکنالوجی سنٹرس میں تبدیل کرنے کے تناظر میں عملے کی قلت نہ ہونے دینے کا عہدیداروں کو حکم دیا ۔ فی الحال ریاست میں موجود تمام آئی ٹی آئیز کالجس میں پرنسپلس کی خدمات دستیاب رکھنے تربیت حاصل کرنے والے طلبہ کو جدید تقاضوں سے لیس تربیت فراہم کرنے کے لیے خصوصی اقدامات کریں ۔ چیف منسٹر نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ ریاست کے 100 اسمبلی حلقوں میں آئی ٹی آئیز اور اڈوانسڈ ٹکنالوجی سنٹرس قائم کرنے کی حکمت عملی تیار کریں ۔ پالی ٹکنیکس ، آئی ٹی آئیز اور اے ٹی سیز میں پیشہ وارانہ مہارت فراہم کرنے کے لیے ینگ انڈیا اسکیل یونیورسٹی کے دائرہ کار میں شامل کرنے کے لیے رہنمایانہ خطوط تیار کرنے کے احکامات جاری کئے ۔ پالی ٹکنیکس کالجس میں نئے اڈوانسڈ ٹکنالوجی سنٹرس قائم کرنے کی گنجائش ہے تو اس کا بھی جائزہ لینے کا مشورہ دیا ۔ جن اسمبلی حلقوں میں آئی ٹی آئی نہیں ہے اس کی نشاندہی کرتے ہوئے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی ۔ اس اجلاس میں چیف سکریٹری شانتی کماری ، محکمہ لیبر کے پرنسپل سکریٹری سنجے کمار ، چیف منسٹر کے اسپیشل سکریٹری اجیت ریڈی ، ٹی جی آئی آئی سی ایم ڈی وشنووردھن ریڈی کے علاوہ دوسرے عہدیدار موجود تھے ۔۔ 2