Sunday , December 17 2017
Home / اضلاع کی خبریں / 25 طالب علموں کی جنتادل ایس میں شمولیت

25 طالب علموں کی جنتادل ایس میں شمولیت

گلبرگہ 29؍اکتوبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ):ریاست میں کانگریس مخالف لہر بہت تیزی سے چل رہی ہے اور آئندہ انتخابات میں کانگریس کا ریاست سے پوری طرح صفایا ہونے والا ہے ، اس خیال کا اظہار ناصر حسین اُستاد سینئر لیڈر جنتادل سیکولر نے کیا ہے وہ آج جنتادل سیکولر کے ضلعی دفتر میں منعقدہ ایک جلسہ سے خطاب کر رہے تھے ۔اس موقع پر شہر گلبرگہ کے 25طالب علموں نے جنتادل سیکولر میں شمولیت اختیار کر لی ، یہ تمام طالب علم سید فرقان حسین کی قیادت میں جنتادل سیکولر میں شامل ہوئے ۔ اس موقع پر سید فرقان حسین کو ضلعی جنتادل سیکولر اسٹوڈنٹس وینگ کا نائب صدر منتخب کیا گیا ۔ ناصر حسین اُستاد نے مزید کہا کہ آنے والے دنوں میں جنتادل سیکولر کی ممبر شپ کا آغاز ہونے والا ہے جس میں زیادہ سے زیادہ نوجوانوں کو شامل کرنے کا نشانہ رکھا گیا ہے ۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ وہ خود 25ہزار افراد کو جنتادل سیکولر کا ممبر بنانے کا نشانہ رکھتے ہیں ۔ اُنہوں نے نوجوانوں سے اپیل کی ہے کہ وہ زیادہ سے زیادہ جنتادل سیکولر کے موقف کو عوام کے سامنے لے جائیں اور جنتادل سیکولر کو عوام دوست پارٹی بتانے کی بھر پور کوشش کریں۔ہمارا ملک ایک ایسا ملک ہے جہاں اکثریت نوجوان نسل کی ہے اسی لئے نئی نسل میں یہ مادہ ہے کہ وہ ملک کے اقتدار سے کسی کو بھی باہر نکال کر پھینک سکتے ہیں ۔اُنہوں نے ریاست میں بڑھتی رشوت خوری اور کسانوں کی خود کشی کے واقعات پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ کانگریس آئی حکومت رشوت خوری اور کسانوں کے مسائل حل کرنے میں پوری طرح ناکام ہو چکی ہے اسی لئے ریاست میں کانگریس مخالف لہر دوڑ رہی ہے ۔ ناصر حسین اُستاد نے پارٹی میں شامل نوجوانوں سے اپیل کی ہے کہ وہ آنے والے اسمبلی انتخابات کی تیاری کے لئے ابھی سے ایک مخصوص پروگرام بنا کر زمینی سطح پر کام کرنا شروع کریں ، جس سے پارٹی کو آئندہ دنوں میں مثبت نتائج برآمد ہوں گے ۔ نریندر مودی کی زیر قیادت مرکزی حکومت نے جس طرح فرقہ پرستوں کو کھلی چھوٹ دے رکھی ہے اس سے پورے ملک میں خوف و دہشت کا ماحول ہے اسی کو دھیان میں رکھتے ہوئے ہمیں چاہئے کہ ہم ابھی سے جنتادل سیکولر جماعت عوام دوست کا ثبوت دینے کی ضرورت ہے جس کے بعد ہی ریاست کی عوام ہم پر بھروسہ کریگی۔ اس موقع پر ضلعی جنرل سیکریٹری دیوے گوڑا تیلور، شکیل احمد ، حفیظ کمو، منظور پٹیل، معین الدین ، ابو طالب و دیگر پارٹی کارکنان موجود تھے ۔

TOPPOPULARRECENT