Saturday , December 16 2017

اذاں کے احترام میں ریکارڈنگ روک دی گئی‘ فرقہ وارانہ اتحاد کا مظاہرہ
حیدرآباد۔10اگست ( سیاست نیوز) پرانے شہر میں آج مرکزی بونال جلوس رات دیر گئے پُرامن اختتام کو پہنچا ۔ دوپہر 3بجے مرکزی بونال جلوس کا اکنا مادنا منادر سے آغاز ہوا ۔ ہاتھی پر نکالے گئے اس جلوس کے آغاز کے موقع پر کے وی رمنا چاری مشیر حکومت ریاست تلنگانہ ‘ کمشنر پولیس حیدرآباد مسٹر ستیہ ریڈی و دیگر موجود تھے ۔ جلوس کے پیش نظر پرانے شہر میں پولیس کے سخت ترین صیانتی انتظامات کئے گئے تھے ۔ سی سی ٹی وی کیمروں کے علاوہ پولیس بلند عمارتوں اور تاریخی چارمینار سے جلوس پر نظر رکھے ہوئی تھی ۔ جلوس کی گذر گاہوں کے مختلف مقامات پر شہ نشین نصب کئے گئے تھے ۔ ان مقامات سے مختلف سیاسی اور اکثریتی فرقہ کے مذہبی قائدین نے جلوس کا استقبال کیا ۔ نماز کے اوقات جلوس کو روک دیا گیا تھا تاہم نماز مغرب کے وقت جلوس مکہ مسجد کے روبرو رک جانے سے کچھ دیر کیلئے پولیس کے حلقوں میں بے چینی پھیل گئی اور اس دوران ڈی سی پی ساؤتھ زون مسٹر ستیہ نارائنا نے مکہ مسجد پہنچ کر نماز کے اختتام تک مکہ مسجد کے قریب موجود رہے ۔ حالانکہ اذاں کے وقت چارمینار کے دامن میں لگائے گئے شہ نشین کے مائیک کو بند کردیا گیا ۔ اکنا مادنا منادر سے نکالے گئے بونال جلوس کو روایتی انداز میں نکالا گیا ۔ اس موقع پر کمشنر پولیس حیدرآباد سٹی چارمینار  اے سی پی آفس میں موجود رہے ۔

TOPPOPULARRECENT