Saturday , November 18 2017

پرنب مکرجی کی سرکاری مصروفیات بحال
شریک حیات کی آخری رسومات کے بعدمختلف پروگراموں میں شرکت
نئی دہلی ۔ 19 اگست (سیاست ڈاٹ کام) صدرجمہوریہ پرنب مکرجی نے جن کی شریک حیات کا کل انتقال ہوگیا تھا، آج سے اپنی سرکاری مصروفیات کا دوبارہ آغاز کردیا۔ صدر مکرجی نے اپنی 58 سالہ ازدواجی زندگی کی ہمسفر خاتون اول سبرا مکرجی کی آخری رسومات کے بعد سشمان سے واپسی کے ساتھ ہی راشٹرپتی بھون میں سرکاری مصروفیات کا آغاز کیا۔ وزارت امورخارجہ کے عہدیداروں نے صدرہند کو ہند۔ جزائر بحرالکاہل کے فورم برائے تعاون (ایف آئی پی آئی سی) کے جمعہ سے جئے پور میں منعقد شدنی چوٹی اجلاس کی تفصیلات سے واقف کروایا۔ وہ اس چوٹی اجلاس میں شرکت کرنے والے مختلف ممالک کے سربراہان حکومت ؍ مملکت سے بھی ملاقات کریں گے۔ ان مہمانوں کا صدرجمہوریہ سے ملاقات کے موقع پر روایتی خیرمقدم کیا جائے گا۔
صدر مکرجی نے آج دن میں سابق صدر شنکردیال شرما کی یوم پیدائش کے موقع پر راشٹرپتی بھون میں خراج عقیدت ادا کیا۔ اس موقع پر آنجہانی سابق صدر شنکردیال شرما کی شریک حیات ویملا اور دیگر ارکان خاندان بھی موجود تھے۔ صدر پرنب مکرجی نے اپنی شریک حیات کے انتقال پر تعزیت و ہمدردی کا اظہار کرنے والوں کا شکریہ ادا کیا۔

دہشت گرد کے شبہ پر گرفتار دو افراد کی رہائی

احمدآباد ۔ 19 اگست (سیاست ڈاٹ کام) گجرات انسداددہشت گردی اسکواڈ (اے ٹی ایس) نے آج شام دو افراد کو رہا کردیا جنہیں مہاراشٹرا کے سرحدی ضلع تاپی میں دہشت گرد کے شبہ پر گرفتار کیا گیا تھا۔ ان دونوں میں ایک کی شکل اس خاکہ سے مماثلت رکھتی تھی جو پاکستانی دہشت گرد نوید یعقوب کا مفرور ساتھی ہے۔ پولیس نے اسی شبہ کی بنیاد پر ان دونوں کو گرفتار کیا تھا لیکن شناخت ظاہر ہونے کے بعد کے ان کا تعلق سوپور، جموں کشمیر سے ہے، رہا کردیا گیا۔

TOPPOPULARRECENT