Sunday , November 19 2017

ڈاکٹرس عوام کے بھروسہ پر پورے اتریں
آرمی ڈینٹل کالج کا کانوکیشن ‘ صدر جمہوریہ پرنب مکرجی کا خطاب
حیدرآباد 23 ڈسمبر ( پی ٹی آئی ) صدر جمہوریہ پرنب مکرجی نے آج ڈاکٹرس پر زور دیا کہ وہ اس بھروسہ و اعتماد کو قائم رکھیں جو لوگ ان پر کرتے ہیں۔ انہوں نے طبی برادری پر زور دیا کہ وہ اپنے علم اور مہارت کو عام آدمی کی بہتری کیلئے بروئے کار لائیں۔ آرمی کالج آف ڈینٹل سائینس میں یہاں ایم ڈی ایس کے چھٹے کانوکیشن اور بی ڈی ایس کورسیس کے گیارہویں کانوکیشن سے خطاب کرتے ہوئے صدر جمہوریہ نے کہا کہ ڈاکٹرس کے کیرئیر میں کئی پیشہ ورانہ کامیابیاں ان کے حصے میں آسکتی ہیں۔ ان کے والدین ‘ اساتذہ اور دوسرے متعلقین ان کی کامیابیوں پر فخر کرسکتے ہیں لیکن آپ کی زندگی میں اس سے زیادہ اہمیت اس بات کی ہے کہ آپ طب جیسے مقدس پیشے سے وابستہ ہو رہے ہیں۔ سماج میں ڈاکٹرس کو خدا کے بعد کا درجہ دیا جاتا ہے اور لوگ ان پر بھروسہ کرتے ہیں۔ ڈاکٹرس کو چاہئے کہ وہ عوام کے اس بھروسہ اور اعتماد کو برقرار رکھیں۔ ڈاکٹرس کو چاہئے کہ وہ
اپنے علم اور فنی مہارت کو عام آدمی کی بہتری کیلئے استعمال میں لائیں۔ انہیں کہا کہ ڈاکٹرس کو اپنی پیشہ ورانہ طاقت کے ذریعہ انسانیت کے کاز کی خدمت کرنی چاہئے ۔ لاکھوں افراد کی زندگیوں کو بدلنا چاہئے ۔ صدر جمہوریہ نے کہا کہ اچھی صحت خدا کا تحفہ ہے اور یہ صحتمندانہ طرز زندگی سے بھی حاصل کی جاسکتی ہے ۔ صدر جمہوریہ نے گوتم بدھا کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ جسم کو اچھی صحت میں رکھنا بھی ایک ذمہ داری ہے بصورت دیگر ہم اپنے ذہن کو مستحکم اور واضح نہیں رکھ پائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ بات اہمیت کی حامل ہے کہ ہم اپنے روز مرہ کے معمولات کو باقاعدہ بنائیں تاکہ ہم زندگی بھر اچھی صحت سے لطف اندوز ہوسکیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک میں کئی افراد کو منہ کی صحت کے مسائل درپیش ہوتے ہیں یہ طرز زندگی کی وجہ سے ہوتے ہیں۔ تمباکو کے استعمال ‘ مٹھائیوں وغیرہ سے دانت متاثر ہوتے ہیں۔ اس لئے دانتوں کی صحت اہمیت کی حامل ہے ۔

 

صدر جمہوریہ ‘مولانا آزاد نیشنل اردو
یونیورسٹی کانوکیشن میں شرکت کرینگے
حیدرآباد 23 ڈسمبر ( پریس نوٹ ) صدر جمہوریہ مسٹر پرنب مکرجی 26 ڈسمبر کو مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی کے چھٹے کانوکیشن میں بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کرینگے ۔ کانوکیشن 26 ڈسمبر کو دو پہر 12 بجے منعقد ہوگا جس میں 48,000 طلبا میں اسناد تقسیم کئے جائیں گے ۔ گورنر تلنگانہ و آندھرا پردیش ای ایس ایل نرسمہن مہمان اعزازی ہونگے جبکہ صدارت چانسلر ظفر سریش والا کرینگے ۔ ڈپٹی چیف منسٹر تلنگانہ جناب محمد محمود علی بھی مہمان اعزازی ہونگے ۔ بالی ووڈ اداکار شاہ رخ خان اور ریختہ فاونڈیشن کے بانی راجیو سراف کو اعزازی ڈگریاں دی جائیں گی ۔ یہ ڈگریاں اردو زبان اور کلچر کے فروغ میں اہم رول ادا کرنے پر دی جائیں گی ۔

TOPPOPULARRECENT